سرفراز نواز نے پی سی بی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کر دیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 جون 2020
سرفراز نواز نے پی سی بی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کر دیا
۔ فوٹو : فائل

سرفراز نواز نے پی سی بی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ فوٹو : فائل

کراچی:  سابق ٹیسٹ پیسر سرفراز نواز نے پی سی بی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کر دیا، ان کے مطابق سپریم کورٹ کے سابق جج کی خدمات حاصل کرکے معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں۔

ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ حکام خود کو ایوان سے بالاتر سمجھتے ہیں اور ارکان پارلیمنٹ کی متعلقہ کمیٹی کے بلانے پر بھی پیش نہیں ہوتے،انھوں نے بورڈ کے پانچ سالہ منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام میں کرکٹ اور کرکٹرز کی ترقی نہیں ہو سکتی،پی سی بی میں بھاری بھرکم تنخواہوں پر تعیناتیاں قوم  کے پیسے کا زیاں ہے،سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستان میں میں جواری کرکٹرز پر پابندی نہیں لگتی جبکہ دنیا بھر میں ایسے لوگوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

جسٹس قیوم کی رپورٹ میں مجرم قرار پانے والے واپس آگئے تو سابق ٹیسٹ کپتان سلیم ملک کو بھی آنا چاہیے۔سرفراز نواز نے کہاکہ دورۂ انگلینڈ میں پاکستانی بولرز کو مشکلات کا سامنا رہے گا،آمادگی ظاہر کرنے سے قبل ای سی بی سے جوابی ٹور کا وعدہ لینا چاہیے تھا،بھاری بھرکم سپورٹنگ اسٹاف کو لے جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری کے بعد ہیڈکوچ مصباح الحق کی بھاری تنخواہ میں کمی ہونی چاہیے، انھوں نے سوال اٹھایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے دیگر ذمہ داروں کو بھی  بڑی تنخواہیں کیوں دی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔