کراچی سمیت سندھ کی ترقی کے لئے پوری محنت کر رہے ہیں، وزیراعظم

اسٹاف رپورٹر  منگل 16 جون 2020
کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، عمران خان ۔ فوٹو : فائل

کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، عمران خان ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور کراچی سمیت سندھ کی ترقی کے لئے پوری محنت کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ دورے پر منگل کی شام کراچی پہنچے،  وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی، وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، لیفٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

کراچی آمد کے بعد وزیراعظم سے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں گورنر عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی، گورنر عمران اسماعیل نے سندھ کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے لیے خطیر فنڈز مختص کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، طبی سہولیات کی فراہمی ، وفاقی ترقیاتی منصوبوں اورصوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران کراچی سمیت صوبے بھرمیں وفاق کے زیرانتظام ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، کراچی سمیت سندھ کی ترقی کے لیے پوری محنت کر رہے ہیں، کراچی کی ترقی کامطلب روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، گورنرسندھ نے وزیراعظم کوکراچی میں زیرتکمیل وفاقی ترقیاتی منصوبوں اوران پرہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا ہے، مشکلات کے باوجود حکومت نے بہت ترقیاتی کام کیے ہیں کراچی کی ترقی کے لیے ابھی بہت کچھ کرناباقی ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور کور کمیٹی کے ارکان نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور سندھ میں کورونا وائرس سمیت ٹڈی دل، تنظیمی امور سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناوزیراعظم عمران خان کو معروف کاروباری شخصیت کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔

علاوہ ازیں گورنرہاؤس میں تحریک انصاف سندھ کی کورکمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کی اوروزیراعظم کو کراچی سمیت سندھ میں جاری وفاقی ترقیاتی کاموں اورسندھ حکومت سے متعلق درپیش مسائل اورپارٹی امور سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، وفاقی حکومت کو شہر قائد میں پانی، مواصلات، ویسٹ مینجمنٹ اور عوام کے دیگر مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔