بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سبقت لے گیا، منور حسن

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 8 دسمبر 2013
اسلامی تحریکیں امریکا نہیں پینٹاگون اور وائٹ ہائوس کی اسلام دشمن پالیسیوں کیخلاف ہیں۔ فوٹو: فائل

اسلامی تحریکیں امریکا نہیں پینٹاگون اور وائٹ ہائوس کی اسلام دشمن پالیسیوں کیخلاف ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: جماعت اسلامی  کے امیر سیدمنورحسن نے کہاہے کہ اسلامی تحریکوں کی امریکا نامی ملک سے کوئی دشمنی نہیں، ہم پینٹاگون اور وائٹ ہائوس کی اسلام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہیں۔

امریکا ایسا اسلام چاہتاہے جس کے ماننے والے مشرف ، زرداری اور نوازشریف کی طرح اس کی حاکمیت کو دل و جان سے قبول کر لیں،ن لیگ اس انتظار میں ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ریٹائرہو جائیں تو اسے اپنی من مانیاں کرنے کا موقع ملے ، بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سبقت لے گیا ہے ،حکومت پنجاب کو بھی بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کی راہ ہموار کرنی چاہیے، جماعت اسلامی کی خواتین بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گی۔

کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ایک ہی نشان پر الیکشن لڑیں گی،ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصور میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پنجاب کی ناظمات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، منورحسن نے کہاکہ  عام آدمی کے لیے اپنے خاندان کا پیٹ پالنا دوبھر ہوچکاہے، جگہ جگہ بھوکے شیر بیٹھے ہیں جو عوام کوہڑپ کرنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ ملک و قوم کومسائل کی دلدل سے نکال سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔