بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات؛ سب سے زیادہ آزاد امیدوار کامیاب، سیاسی جماعتوں میں نیشنل پارٹی آگے

ویب ڈیسک  اتوار 8 دسمبر 2013
بلوچستان میں 4ہزار ایک سو سے زائد بلدیاتی نشستوں پر انتخابی عمل ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس

بلوچستان میں 4ہزار ایک سو سے زائد بلدیاتی نشستوں پر انتخابی عمل ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس

کوئٹہ: بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی نیشنل پارٹی سب سے آگے ہے جبکہ آزاد امیدواروں کی بھی بڑی تعداد کامیاب ہوئی ہے۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ضلع کونسل، یونین کونسل اور شہری علاقوں پر مشتمل انتخابی حلقوں کی تعداد 7 ہزار 188 ہے تاہم ان میں سے 2 ہزار 527امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 513 نشستوں پرکوئی امیدوار ہی میدان میں نہیں اترا، اس طرح صوبے بھر کی4ہزار ایک سو سے زائد نشستوں پرانتخابی عمل ہوا۔

غیر سرکاری غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ کامیاب امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخابی عمل میں حصہ لیا، سیاسی جماعتوں میں بلوچستان حکومت میں شامل قوم پرست جماعت نیشنل پارٹی کی پہلی جبکہ مسلم لیگ ن کی دوسری پوزیشن سامنے آئی ہے۔ اب تک کے نتائج کے تحت پشتونخوا ملی پارٹی اور جے یو آئی کے مابین سخت مقابلہ جاری ہے تاہم ووٹوں کی گنتی کے بعد مزید نتائج سامنے آسکیں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں 513 بلدیاتی نشستیں خالی ہیں جن پر کسی بھی امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے تھے جس پر انتخابات کے لئے دوبارہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا، بلدیاتی نشستوں پر انتخابات مکمل ہونے کے بعد چیئرمین یونین کونسل، ضلع کونسل کا انتخاب عمل میں آئے گا جو کہ قانون کے مطابق بلاواسطہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔