بلوچستان کے 10 اضلاع سے 204 نئے کیسز رپورٹ ، 6 مریض دم توڑ گئے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 19 جون 2020
نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے بھر میں مصدقہ کیسز کی تعداد 8998 ہوگئی ہے، محکمہ صحت فوٹو: فائل

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے بھر میں مصدقہ کیسز کی تعداد 8998 ہوگئی ہے، محکمہ صحت فوٹو: فائل

کوئٹہ: کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر بلوچستان کے 10 اضلاع سے مزید 204 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 6 مریض دم توڑ گئے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے 10 اضلاع میں کورونا وائرس کے 204 نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 8998 ہوگئی جن میں سے 7007 کا تعلق کوئٹہ، 272 کا جعفرآباد، 150 کا تعلق چاغی سے ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 89 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک صوبے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 3140 ہوگئی۔ جمعرات کو صوبے میں کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کرجانے سے جاں بحق افراد کی مصدقہ تعداد 99 ہوگئی۔

انتقال کرجانے والے 4 مریضوں کا تعلق کوئٹہ اور ایک ایک کا تعلق نوشکی اور لورالائی سے ہے، صوبے میں کورونا کے 5759 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 304 افراد کے کیے گئے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں 1644 افراد کو کورنٹائن سینٹرز میں رکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔