پنجاب میں شفاف بلدیاتی الیکشن ہوئے توپیپلزپارٹی کی جیت یقینی ہے، یوسف رضا گیلانی

ویب ڈیسک  اتوار 8 دسمبر 2013
بلوچستان میں خواتین کو ووٹ نہ ڈالنے دیئے جانے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے، یوسف رضا گیلانی	فوٹو: فائل

بلوچستان میں خواتین کو ووٹ نہ ڈالنے دیئے جانے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے، یوسف رضا گیلانی فوٹو: فائل

ملتان: سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں شفاف بلدیاتی الیکشن ہوئے توپیپلزپارٹی کی جیت یقینی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ کی نگرانی میں صوبے میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے، پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے  کیونکہ صوبے بھر میں امیدواروں کو مد نظر رکھ کر پنجاب حکومت کے وزرا نے حلقہ بندیاں کرائی ہیں جسے کسی بھی طرح منصفانہ قرار نہیں دیا جاسکتا اوراگر شفاف بلدیاتی انتخابات ہوئے تو پیپلزپارٹی کی جیت یقینی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا ہے اور کئی مقامات پر خواتین کو بھی حق رائے دہی کے استعمال سے روکا گیا جس کا الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون اسکیم مونگ پھلی کے دانے کے برابر ہے، اس قدر کم رقم سے اسکیم نہیں بنائی جاسکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔