شارجہ ٹی 20، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو6 وکٹوں سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  پير 9 دسمبر 2013
ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے،محمد حفیظ، شارجہ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے لئے بھرپورپریکٹس کی ہے،افغان کپتان. فوٹو:فائل

ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے،محمد حفیظ، شارجہ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے لئے بھرپورپریکٹس کی ہے،افغان کپتان. فوٹو:فائل

شارجہ: پاکستان نے واحد ٹی 20 میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ 138 رنز کے ہدف کے نعاقب میں پاکستان کی جانب سے کافی سست روی سے رنز بنائے گئے اور قومی ٹیم نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئی ایک کمزور ٹیم کے خلاف میچ کو بھی سنسنی خیز موڑ پر پہنچا دیا۔ گرین شرٹس نے کھیل آخری گیند پر ایک رن بنا کر4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان محمد حفیظ نے 42 رنز بنائے جب کہ احمد شہزاد نے 35 اور عمر اکمل نے 28 رنز اسکور کیے اور نمایاں رہے۔

قبل ازیں ٹاس جیتنے کے بعد جب افغان ٹیم بیٹنگ کے لیے آئی تو اس کے ابتدائی بیٹسمین پاکستانی بالرز کے سامنے کے سامنے بے بس نظر آئے اور جلد ہی اپنی وکٹیں گنوا کر واپس چلے گئے تاہم افغان مڈل آرڈر نے بہتر بیٹنگ کی۔ افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زردان نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے جب کہ میروائظ اشرف 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے اپنے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی جب کہ سہیل تنویز نے 11 رنز کے عوض 2، شاہد آفریدی ، بلاول بھٹی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے شارجہ ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے لئے بھرپور پریکٹس کی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تاہم ٹیم ہر لحاظ سے مضبوط ہے اور وہ میچ میں کامیابی کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔