خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں لائف اسٹاک پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

4 ہزار روپے فی جانور کے حساب سے 90 دنوں تک کسانوں کو فیڈنگ الاؤنس بھی دیا جائے گا


ویب ڈیسک June 21, 2020
4 ہزار روپے فی جانور کے حساب سے 90 دنوں تک کسانوں کو فیڈنگ الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں گوشت کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے لائف اسٹاک پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ لائیو اسٹاک ایںڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے ضم شدہ اضلاع کو صوبے کے دیگر تریافتہ علاقوں کے برابر لانے اور ان کی گوشت کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے صوبے کے باقی حصوں کی طرح یہاں پر بھی بچھڑوں کو فربہ کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ خیبر پختونخوا کے تحت سب ڈویژن بنوں میں محکمہ کے افسران اور مقامی مویشی پال زمینداروں کا ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فارمز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

ان فارمز کے مویشی پال مالکان، 90 دنوں تک بچھڑوں کی دیکھ بھال کے پابند بنائے گئے ہیں جبکہ محکمہ ان جانوروں کو کیڑے مار ادویات اور علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ 4 ہزار روپے فی جانور کے حساب سے 90 دنوں تک کی مدت کیلئے کسانوں کو فیڈنگ الاؤنس بھی دیا جائے گا۔

یہ منصوبہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے قومی زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے تاکہ فی یونٹ گوشت کی پیداوار میں اضافہ اور ضم شدہ اضلاع میں لائیو اسٹاک کے کاروبار کو فروغ دیا جائے۔

منظور شدہ پی سی ون کے مطابق یہ منصوبہ مشترکہ منصوبہ بندی کے ذریعے چلا یا جائے گا جو تین سال تک جاری رہے گا یعنی حکومت کسانوں کو چار ہزار روپے فی جانور کی شرح سے مالی و تکنیکی امداد بشمول جانور وں کے علاج و معالجے اور مشاورتی خدمات بھی فراہم کرے گی جبکہ کسان 1 سے 15 ماہ کے دس سے تیس بچھڑوں کی 90 دنوں کیلئے فارم میں دیکھ بھال کے پابند ہوں گے۔

مقبول خبریں