ایشز سیریز، انگلینڈ کو وائٹ واش کا خطرہ ہے، مائیکل وان

اسپورٹس ڈیسک  پير 9 دسمبر 2013
تیسرے پرتھ ٹیسٹ کیلیے انگلش ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیز ہیں، جیفری بائیکاٹ ۔ فوٹو: فائل

تیسرے پرتھ ٹیسٹ کیلیے انگلش ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیز ہیں، جیفری بائیکاٹ ۔ فوٹو: فائل

لندن: اگست میں ایشز ٹرافی جیتنے والی انگلش ٹیم جوابی مقابلوں میں شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

برسبین کے پہلے ٹیسٹ میں 381رنز کی بڑی شکست کے بعد ایڈیلیڈ میں جاری دوسرے میچ میں بھی شکست کے گہرے بادل انگلینڈ پر چھاگئے ہیں، اس صورتحال میں سابق انگلش کپتان مائیکل وان کو اپنی ٹیم کی سیریز میں 0-5 سے شکست کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے، انھوں نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں شرمناک کارکردگی کے بعد انگلینڈ کو ایشز سیزیز میں پانچ صفر کے وائٹ واش کا سنگین خطرہ ہے، انگلش ٹیم گیند سے خوفزدہ  دکھائی دیتی ہے اور یہی میرے لیے اصل پریشانی کا سبب ہے، سابق کپتان نے مزید کہا کہ جس طرح انگلش ٹیم کھیل رہی ہے مجھے ایسا دکھائی نہیں دیتا کہ آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی ایشز سیریز کا نتیجہ پانچ، صفرکے علاوہ بھی کچھ اور ہو سکتا ہے، آسٹریلیا کی اعلیٰ ترین تیز بولنگ کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ بے بس دکھائی دیتی ہے اور اس میں مزاحمت کی کمی ہے۔

انھوں نے اپنے خوف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ 2007، 2006 میں جب انگلینڈ آسٹریلیا سے پانچ، صفر سے ایشز سیریز ہارا تھا تو اس وقت بھی ان کی بیٹنگ اتنی بری نہیں تھی،میں نے اس سے پہلے انگلینڈ کی اتنی بری کارکردگی نہیں دیکھی، یہ کسی بھی انگلینڈ ٹیم کی بد ترین کارکردگی ہے، خیال رہے کہ مائیکل وان کی قیادت میں انگلینڈ نے  2005 کی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو3-0 سے مات دی تھی، دوسری جانب انگلینڈ کے سابق بیٹسمین جیفری بائیکاٹ کو یقین ہے کہ الیسٹر کک کی قیادت میں انگلش ٹیم پہلے ہی سیریز ہار چکی ہے، انھوں نے 13 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ سے پہلے انگلینڈ ٹیم میں تبدیلیاں کرنے کا مطالبہ بھی کردیا، ان کا خیال ہے کہ پرتھ ٹیسٹ میں ای ین بیل کو ون ڈائون پوزیشن پر بیٹنگ کرنی چاہیے، انھوں نے کہا کہ انگلینڈ ایشز سیریز نہیں جیت سکتی کیونکہ وہ اچھا کھیل پیش نہیں کر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔