مینز کبڈی ورلڈ کپ، پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی

اسپورٹس رپورٹر  پير 9 دسمبر 2013
انگلینڈ کیخلاف آخری لیگ میچ آج ہوگا، ویمنزکا منگل کو میکسیکو سے مقابلہ۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ کیخلاف آخری لیگ میچ آج ہوگا، ویمنزکا منگل کو میکسیکو سے مقابلہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: مینز کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے کینیڈا کو61-29 سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا۔

کپتان بابر گجر اور اکمل ڈوگر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری کبڈی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے اپنے چوتھے میچ میں مضبوط حریف کینیڈا کو مکمل طور پر 61-29 سے آئوٹ کلاس کردیا، اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کی ٹکٹ بھی پکی کرا دی ہے، پاکستان کی طرف سے کپتان بابر گجر اور اکمل ڈوگر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو آسان فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، دفاعی کھلاڑی ارشد محمود نے بھی شائقین سے خوب داد وصول کی۔ پاکستان ٹیم آج آخری لیگ میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ کریگی۔

فائنل فور میں پاکستان کا ٹاکرا 11دسمبر کو امریکا کیخلاف ہونے کی امید ہے۔ قومی ٹیم کی کامیابی پر کپتان بابر گجر کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹیم کے ہر رکن میں فتح کی بھوک نظر آتی ہے۔ ٹیم منیجر وقاص اکبر نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی فتح کیلیے اپنا سب کچھ دائوپر لگارہے ہیں اورپوری توانائی کے ساتھ آئندہ میچز میں بھی مقابلہ کیا جائیگا۔ ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے دیگر میچوں میں انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 66-30 اورسیرالیون نے ڈنمارک کو 67-28 سے مات دی۔ ویمنز مقابلوں میں اتوار کو امریکا نے کینیا کیخلاف 52-34 سے کامیابی حاصل کی، پاکستانی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ منگل کو میکسیکو کیخلاف کھیلے گی، فتح کی صورت میں قومی ٹیم کے پہلے ہی انٹرنیشنل ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔