بھارت پر آئی او سی صدر تھامس کی دھمکی کام کرگئی

اسپورٹس ڈیسک  پير 9 دسمبر 2013
کرپشن زدہ عہدیداروں سے بھی جان چھوٹ جائیگی، فیصلہ دبائو پر کیا، چوٹالا۔ فوٹو: فائل

کرپشن زدہ عہدیداروں سے بھی جان چھوٹ جائیگی، فیصلہ دبائو پر کیا، چوٹالا۔ فوٹو: فائل

ط / نئی دہلی: آئی او سی کے صدر تھامس باخ کی دھمکی کام کرگئی، بھارت نے ورلڈ گورننگ باڈی کی شرائط مانتے ہوئے اپنے بدعنوان حکام سے چھٹکارا پانے اور نئے الیکشن آئندہ برس 9 فروری کو منعقد کرانے کا اعلان کردیا۔

اتوار کو نئی دہلی میں انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس فیصلہ کن رہا، جس میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے منگل تک کا الٹی میٹم  مل جانے پر بھارتی حکام نے ہدایات ماننے ہی میں اپنی خیر سمجھی، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے پاس اولمپک فیملی میں واپس آنے کیلیے آئی او سی کی ہداہات ماننے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بچا تھا، لہذا انھوں نے ابھے سنگھ چوٹالا اور کرپشن زدہ سیکریٹری جنرل للت بھانوت جیسے دیگر عہدیدار کو آئندہ الیکشن سے دور رکھنے کیلیے اپنے آئین میں ترامیم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کردی، آئی او سی نے دسمبر 2012 میں ہدایات نظرانداز کرنے پر بھارت کی اولمپک رکنیت معطل کردی تھی۔

اس کے علاوہ ورلڈ باڈی نے آئی او اے کے منعقدہ انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے رکھا تھا، ان کے مطابق اس میں حکومتی مداخلت ہوئی اور کرپشن زدہ جنرل سیکریٹری للت بھانوت عہدے پر دوبارہ براجمان ہوگئے تھے، آئی او سی کیلیے ناقابل قبول انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر ابھے سنگھ چوٹالا نے کہا کہ ہم نے یہ تمام فیصلے ملکی ساکھ اور اپنے ایتھلیٹس کو بچانے کیلیے کیے ہیں، ہم ابھی بھی آئی او سی کی چارج شیٹ کی شقوں سے اتفاق نہیں کرتے، کیونکہ یہ ہمارے ملک کا قانون نہیں ہے، آپ تمام آئی او اے ممبران کی جانچ کرسکتے ہیں، ہم نے ایسا صرف آئی او سی کے دبائو کے پیش نظر کیا ہے، انھوں نے مزید بتایا کہ پانچ رکنی بھارتی وفد جلد آئی او سی کے صدر تھامس باخ سے ملاقات کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔