سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہئیں، قائم علی شاہ

بیورو رپورٹ / آئی این پی  پير 9 دسمبر 2013
 لاڑکانہ:وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی صدارت میں بینظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے حوالے سے اجلاس ہورہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

لاڑکانہ:وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی صدارت میں بینظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے حوالے سے اجلاس ہورہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

لاڑکانہ: وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ایک ہفتے میں کراسکتے ہیں جلد بازی نہیں چاہتے۔

بلاول بھٹو زرداری عملی سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں ان کوپاکستان کے کسی حلقہ سے ضمنی انتخابات میں امیدوار نامزد کیا جاسکتا ہے،سندھ اور پنجاب میں ایک ہی تاریخ کو بلدیاتی انتخابات ہونے چاہیے ،کراچی میں سیاسی جماعتوں کے تعاون سے بہتری آرہی ہے۔ لاڑکانہ میں بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے انتظامات کاجائزہ لینے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بلاول بھٹو اورآصف زرداری بے نظیر کی برسی کی مرکزی تقریب سے خطاب کریںگے ،ہم چاہتے ہیں بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کوبھی وقت ملے تاکہ وہ بھی انتخابات کی تیاریاں کرسکیں،کراچی میں حالات گزشتہ25سال سے خراب ہیں اورٹارگٹڈ آپریشن سے حالات میں بہتری آرہی ہے جس کامخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں،حالات کی بہتری سیاسی جماعتوں کے تعاون سے عمل میں آئی ہے اور انکا کردار گراں قدر ہے۔

لاڑکانہ بیوروکی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ قومیں اپنی ثقافت، تہذیب اور تمدن سے پہچانی جاتی ہیں، وہ ثقافت کا دن منا کر خوشی محسوس کر رہے ہیں،پوراسندھ یوم ثقافت عید کی طرح منارہا ہے اس دن پر سندھی ثقافت کو اجاگرکیا جارہا ہے، اس سے پوری دنیا کو معلوم ہوگا کہ سندھی قوم متحد ہے،سندھ کی ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے اور اسے خاص طرح سے اجاگر کرنے پر تمام میڈیا کے کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اگر یہ جذبہ اسی طرح جاری رہا تو وہ دن دور نہیں جب ہم دیگر قوموں سے آگے ہونگے،سندھی ٹوپی اسلام کے عین مطابق ہے جس میں محراب کی جھلک بھی ہے جبکہ اجرک بھی پانچ ہزارسال قبل مسیح کی نشانی ہے، موئن جو دڑو کو دیکھ کر بھی یہ اندازہ لگا یا جا سکتا ہے کہ سندھی قوم کئی ہزار سال پہلے بھی مہذب اور ترقی یافتہ تھی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے اگر اتحاد کر لیںتو تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔