بھارت یا امریکا نہیں، ان کی پالیسیوں کیخلاف ہوں، عمران

بلدیاتی الیکشن سے پہلے یوتھ لون اسکیم پری پول دھاندلی ہے، 22دسمبر کو لاہور میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کرینگے۔فوٹو: فائل

بلدیاتی الیکشن سے پہلے یوتھ لون اسکیم پری پول دھاندلی ہے، 22دسمبر کو لاہور میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کرینگے۔فوٹو: فائل

لاہور / پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف امریکا اور بھارت سمیت کسی ملک کیخلاف نہیں، ہم اینٹی امریکا نہیں بلکہ ہم امریکا کی ڈرون اور بھارت کی کشمیر پالیسی کیخلاف ہیں جبکہ ہم بھارت کیساتھ تجارت کے حق میں ہیں۔

میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور بھارت کو سرحد پر مشترکہ سول نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانا چاہیے، اس سے دونوں ممالک میں اعتماد کی فضا پیدا ہو گی، بھارت نے 7لاکھ فوج کشمیر میں داخل کر رکھی ہے ہم دنیا کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کو آگے بڑھنے کیلیے ایکدوسرے سے سچ بولنا ہو گا اور جنگیں لڑنے کے  بجائے غربت کیخلاف لڑنا ہو گا‘ 22دسمبر کو مہنگائی کیخلاف لاہور میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا جس میں قوم کو ایجنڈا دینگے، بلدیاتی انتخابات سے قبل وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کا اعلان پری پول رگنگ ہے۔ عمران خان نے دہلی میں منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہونگے تو کشمیر کا مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم پری پول رگنگ ہے، الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، ہم چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں تحریک انصاف اور عمران خان کو نقل کیا جا رہا ہے، راہو ل گاندھی نے ملاقات میں کہا کہ بھارت میں جس طرح کی مرضی لیڈر شپ ہوتی کوئی بھی ڈرون حملوں کو برداشت نہ کرتا، پتا نہیں پاکستان میں کس طرح انھیں برداشت کیا جا رہا ہے۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق عمران کا کہنا تھا کہ ڈرون اور کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک ان ممالک سے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے، کسی ملک کیخلاف ہونا چھوٹے ذہن کی سوچ ہوتی ہے، ہم امن پر یقین رکھتے ہیں۔

تحریک انصاف نے اتحادی جماعتوں کیساتھ ملکر نیٹوسپلائی کیخلاف دھرنے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بات کا فیصلہ لاہور میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اعظم سواتی نے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اور اتحادی جماعتیں پوری طاقت سے نیٹو سپلائی کیخلاف دھرنا جاری رکھیں گی۔ ایک اور نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے 16ویں روز بھی جاری رہے، تاہم نیٹو کا کوئی کنٹینر ان کے ہاتھ نہیں لگا۔ پشاور میں کارکنوں نے افغانستان جانیوالے 3 کنٹینرز کو بھی روکا اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد جانے کی اجازت دیدی۔ نامہ نگار کے مطابق حیات آباد ٹول پلازہ دھرنا کیمپ میں کارکنوں کی ڈیوٹی کیلیے ایک مہینے کا شیڈول جاری کر دیا گیا جہاں 24 گھنٹے دھرنا دیا جائیگا، تاہم نیٹو سپلائی گاڑیوں کی آمد رکنے کیوجہ سے خیر آباد پل نوشہرہ پر قائم دھرنا کیمپ اتوار سے ختم کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔