تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کی اپنے ہی ایم پی اے کیخلاف ایف آئی آر درج

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 جون 2020
عباس جعفری کا چیک باؤنس ہونے پر تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمہ درج۔ فوٹو:فائل

عباس جعفری کا چیک باؤنس ہونے پر تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمہ درج۔ فوٹو:فائل

 کراچی: تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے اپنی ہی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری کے خلاف چیک باؤنس ہونے پر متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق تحریک انصاف کے کراچی کے علاقے عزیز آباد سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے اپنی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے۔

اسلم خان نے تھانہ بوٹ بیسن کراچی میں مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ایم پی اے عباس جعفری کی الیکشن مہم میں پیسے خرچ کئے تھے جو ابھی تک واپس نہیں کئے گئے، ایم پی اے نے چیک دیا جو باؤنس ہوگیا۔

واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے اسلم خان کراچی کے حلقہ این اے 254 عزیز آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جب کہ شوبز سے تعلق رکھنے والے عباس جعفری نے کراچی کے پی ایس 125 سے منتخب ہوکر سندھ اسمبلی تک رسائی حاصل کی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔