ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 2 ہزار 955 ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 28 جون 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4072 نئے کیسز کی تصدیق، 83 مریض دم توڑ گئے

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4072 نئے کیسز کی تصدیق، 83 مریض دم توڑ گئے

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے مزید 4072 کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے نتیجے میں مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ  2 ہزار 955 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 25013 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 12 لاکھ 39 ہزار 153 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 83 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 4 ہزار 118 ہوگئی۔

ملک میں فعال کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 213 ہے جبکہ 92 ہزار 624 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے مصدقہ مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد سندھ میں ہے جہاں اس وائرس سے مبتلا افراد کی تعداد 78 ہزار 268 ہے، پنجاب میں 74 ہزار 202، خیبرپختونخوا میں 25 ہزار 380 ، بلوچستان میں 10 ہزار 261، اسلام آباد میں 12 ہزار 395، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 27 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 423 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔