مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے؟

ضیا الرحمٰن ضیا  پير 11 مارچ 2024
خودکشی کسی دوسرے کو قتل کرنے سے زیادہ بڑا گناہ اور اخروی لحاظ سے زیادہ خطرناک فعل ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

خودکشی کسی دوسرے کو قتل کرنے سے زیادہ بڑا گناہ اور اخروی لحاظ سے زیادہ خطرناک فعل ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اپنے آپ کو غیر فطری طریقے سے جان بوجھ کر ہلاک کردینے کا عمل خودکشی کہلاتا ہے۔ اس فعل کا ارتکاب جذبات سے مغلوب ہوکر کیا جاتا ہے۔ کچھ لوگ بیماری سے تنگ آکر خودکشی کرلیتے ہیں اور کچھ آمدن میں کمی اور ضروریات پوری نہ ہونے کی وجہ سے خودکشی کرتے ہیں۔ کچھ لوگ لڑائی جھگڑے اور غیرت کی خاطر بھی خودکشی کرتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ خودکشی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ چند ممالک میں اسے بہادری سمجھا جاتا ہے اور ذرا ذرا سی بات پر خودکشی کی جاتی ہے۔ کچھ ترقی یافتہ ممالک میں فیشن کے طور پر خودکشی کی جاتی ہے۔ آمدن میں کمی، ہتک عزت اور کاروبار میں خسارہ جیسی چھوٹی چھوٹی وجوہ کی بنا پر لوگ خودکشی کرلیتے ہیں۔ اسلام سمیت بہت سے الہامی مذاہب میں خودکشی کو حرام قرار دیا گیا ہے۔

ہمارے معاشرے میں بھی خودکشی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ لوگ معمولی باتوں پر خودکشیاں کررہے ہیں۔ کوئی بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشی کرتا ہے تو کوئی گھریلو لڑائی جھگڑوں سے دل برداشتہ ہوکر موت کو گلے لگا لیتا ہے۔ کوئی کاروبار میں خسارے کو خودکشی کی وجہ بنا لیتا ہے اور کوئی محبت میں ناکامی پر موت کو دعوت دے دیتا ہے۔ خودکشی کرنا کوئی بہادری نہیں بلکہ یہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ کیونکہ جس میں حالات کا مقابلہ کرنے کی جرأت نہ ہو وہ کیسا بہادر ہے؟ تھوڑے سے حالات خراب ہوجانے پر خودکشی کے چور دروازے سے دنیا سے نکلنے کی کوشش کرنا انتہائی بزدلی ہے۔ بہادری تو مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے اور حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے میں ہے۔ جب بھی مشکل حالات پیدا ہوجائیں، چاہے وہ برداشت سے باہر ہی کیوں نہ معلوم ہوں، ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوجانا اور اللہ رب العزت پر بھروسہ رکھنا کہ وہی مشکل کشا ہے، وہی مشکلات سے انسان کو نکالتا ہے، اس عقیدے اور توکل کے ساتھ مشکلات سے نکلنے کی کوشش کرنا بہادری ہے۔ پھر جب کوئی شخص اللہ پر بھروسہ کرلیتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کےلیے راستے نکال دیتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اس کی ذات پر بھروسہ کرنے والوں کو پسند کرتے ہیں۔ سورۃ آل عمران میں ہے، ترجمہ: ’’بے شک اللہ توکل (بھروسہ) کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔‘‘ سورۃ آل عمران میں ہی ایک اور جگہ توکل کی تاکید کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں، ترجمہ: ’’اور توکل کرنے والوں کو اللہ پر ہی توکل کرنا چاہیے‘‘۔ سورۃ الطلاق میں رب ذوالجلال فرماتے ہیں، ترجمہ: ’’جو اللہ پر بھروسہ کرے وہ اس کےلیے کافی ہے‘‘۔ یعنی جو شخص اس کی ذات عالی پر اعتماد اور بھروسہ کر لیتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کےلیے تمام مشکلات کے حل کےلیے سامان مہیا کردیتے ہیں اور بندے میں حوصلہ پیدا ہوجاتا ہے، جس سے وہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے انہیں شکست دے دیتا ہے۔

خودکشی کو اسلام میں حرام قرار دیا گیا ہے اور اس کا مرتکب اللہ تعالیٰ کا نافرمان اور جہنمی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان کا جسم اور اس کی زندگی کسبی نہیں ہے، یعنی ان کے حصول میں انسان کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ یہ خالصتاً اللہ تعالیٰ کی عطا ہے اور اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے جو تمام نعمتوں سے بڑھ کر ہے اور باقی تمام نعمتوں کےلیے اساس کا درجہ رکھتی ہے۔ اس لیے زندگی کی حفاظت کرنا نہایت ضروری ہے۔ جس طرح کسی دوسرے شخص کو قتل کرنا حرام ہے اسی طرح اپنی جان کو ختم کرنا اور اپنے آپ کو قتل کرنا بھی حرام ہے۔ اس لیے کہ وہ جان اس کی اپنی ملکیت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے۔

خودکشی کسی دوسرے کو قتل کرنے سے زیادہ بڑا گناہ اور اخروی لحاظ سے زیادہ خطرناک فعل ہے۔ اس لیے کہ کسی دوسرے کو خدانخواستہ قتل کرنے کے بعد توبہ کی جاسکتی ہے اور دیت وغیرہ کی صورت میں اس کی تلافی ممکن ہے لیکن جو شخص خود کو ہی مار ڈالے اب اس کےلیے توبہ و تلافی کا دروازہ بند ہوجاتا ہے اور وہ ہمیشہ کےلیے ایسے گناہ کو اپنے سر لے لیتا ہے جس سے نکلنا اس کےلیے ممکن نہیں رہتا اور وہ ہمیشہ اس کی سزا بھگتتا رہتا ہے۔

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا: ’’جس نے لوہے کے ہتھیار سے خودکشی کی تو جہنم کی آگ میں وہ ہتھیار اس کے ہاتھ میں ہوگا اور وہ اس سے اپنے پیٹ کو زخمی کرتا رہے گا، اور جس نے زہر پی کر خودکشی کی تو وہ بھی جہنم کی آگ میں ہمیشہ ہمیشہ اس زہر کو گھونٹ گھونٹ کر پیتا رہے گا اور جس نے پہاڑ (یا کسی اونچی جگہ) سے گر کر خودکشی کی تو وہ بھی جہنم کی آگ میں ہمیشہ ہمیشہ پہاڑ سے یوں ہی گرتا رہے گا‘‘ (صحیح مسلم)۔

متعدد احادیث مبارکہ سے ثابت ہے کہ خودکشی کرنے والے پر جنت حرام ہے، حتیٰ کہ کوئی شخص دوران جہاد زخموں سے چور ہوجائے اور وہ تکلیف برداشت نہ کر پا رہا ہو تو اس تکلیف سے بچنے کےلیے بھی اگر وہ خودکشی کرے گا تو احادیث کی روشنی میں ایسی حالت میں خودکشی کرنے والا بھی جہنمی ہے۔

لہٰذا انسان کو دنیا میں پیش آنے والے مصائب و مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا چاہیے اور موت کی جلدی نہیں کرنی چاہیے۔ یقین جانیے دنیا کی تکالیف بہت کم اور عارضی ہیں لیکن آخرت کی تکالیف (اللہ ہم سب کو پناہ عطا فرمائے) بہت زیادہ اور دائمی ہیں۔ دنیا کی مصیبتیں آخرت کی مصیبتوں کے مقابلے میں کچھ نہیں ہیں۔ دنیا کی تکالیف سہتے سہتے انسان گھبرا جاتا ہے تو وہ یہ سوچتا ہے کہ موت کو گلے لگا کر ان تکالیف سے چھٹکارا مل جائے گا لیکن اس کے پیش نظر یہ رہنا چاہیے کہ مرنے کے بعد اس کے ساتھ کیا سلوک ہوگا؟ اسے موت کے بعد کی تکالیف یاد رکھنی چاہئیں۔

اس لیے دنیا کی چھوٹی موٹی تکالیف کا مقابلہ کرنا چاہیے اور اتنی جلدی دل برداشتہ ہوکر اپنی جان لینے پر ہرگز آمادہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ بات اللہ تعالیٰ کے سخت غصہ کو دعوت دینے کے مترادف ہے اور یہ ایسا گناہ ہے جس کی توبہ کا موقع ملنا ممکن ہی نہیں۔ لہٰذا انسان ہمیشہ کےلیے یہ جرم عظیم اپنے سر لے کر دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے اور دنیا کی آنکھ بند ہوتے ہی عذاب الٰہی میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ دنیا کی پریشانیوں پر اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور اسی سے استقامت اور مدد مانگنی چاہیے، کیونکہ وہی حقیقی مشکل کشا ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔