کورونا مریضوں کی آن لائن طبی مشاورت کا منصوبہ مثال بن گیا

کاشف حسین  پير 29 جون 2020
سندھ میں ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ پروجیکٹ کو اسلامی ترقیاتی بینک نے وسائل اورمکمل معاونت کی یقین دہانی کرادی

سندھ میں ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ پروجیکٹ کو اسلامی ترقیاتی بینک نے وسائل اورمکمل معاونت کی یقین دہانی کرادی

 کراچی: سندھ حکومت کا نجی ٹیکنالوجی ادارے کے اشتراک سے صوبے میں کرونا کے مریضوں کی آن لائن طبی مشاورت اور نگہداشت کا پروجیکٹ اسلامی دنیا کے لیے مثال بن گیا

پاکستان کے تمام صوبوں اور دنیا کے15 ملکوں میں موجود پاکستان کی لیڈی ڈاکٹرز سندھ میں گھروں پر قرنطینہ 18 ہزار مریضوں کو آن لائن طبی مشورے دے رہی ہیں، کورونا کے مریضوں کی مشکلات کے حل کے لیے بنایا گیا پراجیکٹ اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت سے دیگر اسلامی ملکوں میں بھی قائم کیا جائے گا۔

اسلامی ترقیاتی بینک نے سندھ میں جاری ایجوکاسٹ کے آن لائن ڈاکٹر سلوشن کے لیے مالی سپورٹ اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ہے، اسلامی ترقیاتی بینک نے سندھ میں گھروں میں قرنطینہ گزارنے والے مریضوں کی نگہداشت اور آن لائن طبی مشاورت کے لیے سندھ حکومت کے اشتراک سے جاری ٹٰیلی ہیلتھ نیٹ ورک ’’ای ڈاکٹر‘‘ کو تعاون اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ہے، میڈیکل کی تعلیم حاصل کرکے گھروں پر بیٹھ جانے والی پاکستانی لیڈی ڈاکٹروں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بناکر مریضوں کا علاج کرنے کا موقع فراہم کرنے والے ٹیکنالوجی پلیٹ فارم ایجوکاسٹ کا ٹیکنالوجی سلوشن اسلامی ملکوں کے لیے امید کا مرکز بن گیا ہے۔

اسلامی ترقیاتی بینک نے سندھ حکومت کے کووڈ آپریشن سے منسلک آن لائن ڈاکٹر پورٹل ’’ ای ڈاکٹر‘‘ کی خدمات اور کرونا کے مریضوں کی آن لائن نگہداشت اور طبی مشاورت کے تجربات اسلامی دنیا بالخصوص ترقی پذیر اسلامی ملکوں کے لیے بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سندھ میں جاری ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ پروجیکٹ کو اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے وسائل اور مکمل معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔

اسلامی ترقیاتی بینک اسلامی دنیا میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے معیار زندگی بہتر بنانے اور ترقی کے عمل کو جدت کے ذریعے تیز بناتے ہوئے اقوام متحدہ کے سماجی ترقی کے بنیادی اہداف ایس جی ڈیز کے حصول کے کوشاں ہے۔

اسلامی دنیا کو درپیش سماجی مسائل کا ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے حل فراہم کرنے کیلیے سعودی میڈیکل سائنسدان ڈاکٹر حیات سندی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کی خصوصی مشیر کے طور پرگراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں اور اسلامی ترقیاتی بینک نے اس مقصد کے لیے 500 ملین ڈالر کا فنڈ بھی مختص کیا ہے اس سلسلے میں اسلامی ترقیاتی بینک اور ایجوکاسٹ کے مابین گزشتہ سال کے اختتام پر پاکستان میں زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی لانے کے لیے ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ نیٹ ورک کو ایک موثر اور مربوط پلیٹ فارم کی شکل دینے کے لیے وسائل کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا تھا۔

تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی تعداد2000تک لاناتھی،عبداللہ بٹ

ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ پروجیکٹ کے بانی عبداللہ بٹ کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے اشتراک اور معاونت سے پاکستان میں ایک سال کی مدت کے پراجیکٹ میں ای ڈاکٹر کے آزمائشی پروجیکٹ کو اسکیل اپ کرنا تھا، اسلامی ترقیاتی بینک نے ایک سال کے لیے گرانٹ کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے جو گھروں پر بیٹھی ہوئی ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کرکے ان کی موجودہ تعداد 800  سے بڑھا کر 2000 تک لانا تھی اسی طرح نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے ساتھ کال سینٹر کی تشکیل اور موبائل ایپلی کیشن بھی بنائی جائے گی۔

پاکستان میں زچہ و بچہ کی شرح اموات کو کم کرنے کے لیے سرگرم عمل دیگر این جی اوز اور اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دینا ہے تاکہ ایسے ادارے اور پروجیکٹس جو یکساں مقاصد رکھتے ہیں ٹٰیلی ہیلتھ نیٹ ورک کی تشکیل پر وقت اور سرمایہ خرچ نہ کریں اور اسلامی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے پاکستان میں مضبوط ہونیو الے اس پلیٹ فارم کو استعمال کرسکیں، اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں اس پراجیکٹ کو ترقی پذیر اور پسماندہ اسلامی ملکوں میں زچہ و بچہ کی شرح اموات کم کرنے کا خواہش مند ہے جس کے لیے پاکستان میں تیار کیا جانے والا نیٹ ورک بنیاد فراہم کرے گا۔

انفکیشن ڈیزیز کے ماہرین لیڈی ڈاکٹروں کو تربیت دینگے

کرونا کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے، اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت اور سندھ حکومت کے اشتراک سے جاری ٹٰیلی ہیلتھ پروجیکٹ سے منسلک لیڈی ڈاکٹرز ان فرنٹ لائن ورکرز کا بوجھ بانٹ رہی ہیں جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کرونا کے مریضوں کی دیکھ بھال میں  مصروف ہیں، ٹیلی ہیلتھ نیٹ ورک سے منسلک گھر بیٹھی ڈاکٹرز کورونا کے سب سے بڑے آن لائن نیٹ ورک کا حصہ ہیں اور ان کا تجربہ اور مشاہدہ عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہے ان کے تجربات اور مریضوں سے متعلق ان کے مشاہدات کورونا کے اثرات کے بارے میں ان کی رائے سے اسلامی دنیا کو بے حد فائدہ ہوگا۔

اس نیٹ ورک کو مزید موثر بنانے کے لیے  جلد ہی آغا خان اسپتال کے ماہر ڈاکٹر فیصل اور دیگر انفکیشن ڈیزیز ماہرین کے ذریعے ٹیلی ہیلتھ نیٹ ورک سے منسلک لیڈی ڈاکٹرز کی تربیت کی جائے گی تاکہ وہ کورونا کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی اقدامات کی روشنی میں انفیکشن ڈیزیز ماہرین کی رہنمائی میں بروقت صحیح فیصلے کرسکیں۔

لیڈی ڈاکٹرزکوروناکی عالمی وبا کا مقابلہ کرنے میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں

میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود انسانیت کی خدمت کے اپنے عزم کی تکمیل نہ کرنے والی لیڈی ڈاکٹرز اب کورونا کی عالمی وبا کا مقابلہ کرنے میں اپنے ہم وطنوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، لیڈی ڈاکٹروں نے آپس میں ایک کمیونٹی قائم کرلی ہے جو کورونا کے مریضوں سے متعلق مشاہدات اور تجربات پر تبادلہ خیال کرتی ہیں اور اس طرح پاکستان میں ایک ریسرچ پلیٹ فارم بھی وجود میں آچکا ہے، لیڈی ڈاکٹرز کی ٹیکنالوجی کے استعمال کی مہارت میں بھی اضافہ ہوا ہے جو کورونا کی وبا پر قابو پانے کے بعد پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت سے اسلامی دنیا میں صحت کی سہولتیں عام کرنے کے لیے بروئے کارلائی جائیں گی۔

کورونامرکزی سیل سے 450 لیڈی ڈاکٹر منسلک ہیں

سندھ حکومت کے مرکزی کورونا مانیٹرنگ سیل سے منسلک ٹیلی ہیلتھ پلیٹ فارم سے اس وقت 450 ڈاکٹرز منسلک ہیں یہ تمام ڈاکٹرز جو پاکستان کے تمام صوبوں کے علاوہ دنیا کے 15 ملکوں میں مقیم ہیں یہ تمام ڈاکٹر قومی خدمت کے جذبہ سے سرشار دن رات کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں سندھ میں 22250 کورونا وائرس کے مریض گھروں میں قرنطینہ ہیں جن میں سے 18000 کے لگ بھگ کورونا کے مریضوں کی نگہداشت اور طبی مشاورت ایجوکاسٹ کے نیٹ ورک سے منسلک 450 خواتین ڈاکٹرز انجام دے رہی ہیں۔

اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کی یقین دہانی کے نتیجے میں نیٹ ورک کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بیک وقت 56 کالز ہینڈل کرنے کی گنجائش حاصل کی جاچکی ہے جو اگرچہ پاکستان اور سندھ میں کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وبا کے مقابلے میں کافی محدود ہے اور اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ نیٹ ورک سے منسلک 450 ڈاکٹرز اوسط یومیہ 15مریضوں سے ر ابطہ کرتی ہیں مجموعی طور پر یومیہ 6 ہزار مریضوں سے رابطہ کیا جاتا ہے اور کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ان کی نفسیاتی اور طبی مشاورت کی جاتی ہے۔

کوروناپھیلنے پرخدمات سندھ حکومت کوپیش کردیں

ایجوکاسٹ پروجیکٹ کے آگے بڑھنے سے قبل ہی دنیا میں کورونا کی وبا پھیل گئی اور پاکستان بھی اس کی لپیٹ میں آگیا، ایجوکاسٹ نے اپنا نیٹ ورک اور 800 تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی فورس کی خدمات سندھ حکومت کو پیش کیں اور وزیر اعلیٰ ہاؤس سے کورونا کے مریضوں کی گھروں پر قرنطینہ کے دوران ٹیلی ہیلتھ کے طریقے سے نگہداشت اور طبی مشاورت کا عمل اپریل کے پہلے ہفتہ سے شروع کردیا گیا۔

یہ بات ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ پراجیکٹ کے بانی عبداللہ بٹ نے گفتگو میں بتائی انھوں نے بتایا کہ ایجوکاسٹ کے اس پراجیکٹ کے لیے تکنیکی استعداد بڑھانے کی اشد ضرورت تھی کیونکہ کورونا کے خلاف جنگ میں ایجوکاسٹ کے پلیٹ فارم پر موجود 450 ڈاکٹر فوری طور پر دستیاب تھیں لیکن کمیونی کیشن نیٹ ورک اور کال سینٹر سمیت کالز کی گنجائش بڑھانے کے لیے وسائل کی ضرورت تھی اگرچہ تمام ڈاکٹر قومی خدمت کے جذبے کے پیش نظر بلامعاوضہ خدمات انجام دے رہی ہیں لیکن صرف مریضوں کو کال کرکے ان کی طبی  مشاوررت اور نہگداشت پر اٹھنے والی فون کالز کا خرچہ 4 لاکھ روپے ماہانہ کے لگ بھگ ہے۔

اس سے زیادہ بڑی رقوم نیٹ ورک کی گنجائش  بڑھانے، محفوظ اور موثر ایپلی کیشن کی تیاری، کال سینٹر اور تکنیکی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے درکارتھی انھوں نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے حکام نے کورونا کی عالمی وبا بالخصوص پاکستان اور اسلامی ملکوں کو درپیش اس سنگین مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایجوکاسٹ کے ساتھ زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی کے لیے فراہم کی جانے و الی سپورٹ کورونا کے مقابلہ اور قرنطینہ میں موجود مریضوں کی طبی مشاورت اور نگہداشت کے لیے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کی وجہ سے سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ پروجیکٹ میں ایجوکاسٹ کا سلوشن کورونا کے خلاف ایک موثر ہتھیار بن چکا ہے۔

اسلامی ترقیاتی بینکسالانہ مقابلوں میں اسٹارٹاپس اور ٹیکنالوجی سلوشنز کا انتخاب کرتا ہے

اسلامی ترقیاتی بینک اپنے اقدام ’’ ٹرانسفارم فنڈ‘‘ کے تحت ہونے والے سالانہ مقابلوں میں اسلامی دنیا کے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی سلوشنز کا انتخاب کرتا ہے گزشتہ سال کے آخر میں منعقدہ ٹرانسفارم فنڈ کمپیٹیشن میں پاکستان سے پیش کیے جانے والے ایجوکاسٹ کے منفرد ٹٰیلی ہیلتھ پروجیکٹ کو گرانٹ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

اسلامی ترقیاتی بینک اور ایجوکاسٹ کے مابین قائم ہونے والے اس اشتراک عمل کا مقصد پاکستان میں زچہ و بچہ کی اموات کی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی ایک موثر پلیٹ فارم تشکیل دیناہے، اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں اس پروجیکٹ کے نتائج کی روشنی میں اسلامی دنیا کے دیگر ترقی پذیر اور پسماندہ ملکوں میں اس پروجیکٹ کو دہرانے کا ارادہ رکھتاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔