بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  پير 29 جون 2020
نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد میں سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد میں سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج اور پولیس نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا گیا۔

قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے تین نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کو دینے سے انکار کردیا جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارت فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جب کہ کئی علاقوں میں تاحال کرفیو نافذ ہے اور انٹرنیٹ سروس سمیت بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔