ایپل نے جدید ترین ’’آئی او ایس 14‘‘ آپریٹنگ سسٹم کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  منگل 30 جون 2020
نئے آپریٹنگ سسٹم میں ہوم اسکرین کو مزید بہتر اور نیوی گیشن کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔ (فوٹو: ایپل کارپوریشن)

نئے آپریٹنگ سسٹم میں ہوم اسکرین کو مزید بہتر اور نیوی گیشن کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔ (فوٹو: ایپل کارپوریشن)

سلیکان ویلی: ایپل کارپوریشن نے گزشتہ ہفتے اپنی آن لائن ڈیویلپرز کانفرنس میں جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ’’آئی او ایس 14‘‘ کا اعلان کردیا ہے جسے نئے آئی فون، میک بُک اور آئی پیڈ کا لازمی حصہ بنایا جائے گا۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم iOS 14 میں جہاں ہوم اسکرین کو تبدیل کیا گیا ہے وہیں گفتگو کا فوری ترجمہ کرنے والی ایپ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

آئی او ایس 14 آپریٹنگ سسٹم اب تک محدود پیمانے پر آزمایا جاچکا ہے جسے چند ماہ بعد نئے آئی فون کا حصہ بنا دیا جائے گا جن کی آمد ستمبر یا اکتوبر تک متوقع ہے۔

ایپ کے ذریعے گفتگو کے تیز رفتار اور درست ترجمے کےلیے مصنوعی ذہانت کی جدید ترین تکنیکوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔

نیوی گیشن کو باسہولت اور تیز رفتار بنانے کی غرض سے اس میں ہوم اسکرین پر ’’ایپلی کیشن لائبریری‘‘ متعارف کروائی گئی ہے جس میں تمام ایپس ایک ہی پیج پر ڈسپلے کی جائیں گی جبکہ وہ ہوم اسکرین پر بھی جگہ نہیں گھیریں گی۔

علاوہ ازیں ’’ایپ کلپس‘‘ کے نام سے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے بعض ایپس کو ڈاؤن لوڈ/ انسٹال کیے بغیر ہی، محدود فیچرز کے ساتھ استعمال کیا جاسکے گا جن میں کم رقم والی ادائیگیاں بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔