بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرانے کی حقیقت نہیں بدل سکتا، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  منگل 30 جون 2020
پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بیرونی مدد سے ہونے والا بزدلانہ حملہ پاکستان مخالف ریاستی دہشت گردی کا عکاس ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے حوالے سے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان متعدد بار دہشت گرد کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد عالمی برادری کو دے چکا ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم مودی کے دھمکی آمیز بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے کراچی حملے پر بیان تردید کے سوا کچھ نہیں، یہ بیان حقائق سے نظریں چرانا ہے، بھارت اپنے رویے سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں اپنی شمولیت کو چھپا نہیں سکتا، عالمی برادری کو ہندوستان ریاستی دہشت گردی کے استعمال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔