ٹک ٹاک کا بخار سندھ اسمبلی تک پہنچ گیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 30 جون 2020
دعا بھٹو کی بہن کی حرکت پر معذرت،اسپیکر نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا
 فوٹو، فائل

دعا بھٹو کی بہن کی حرکت پر معذرت،اسپیکر نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا فوٹو، فائل

کراچی: ٹک ٹاک کا بخار سندھ اسمبلی تک پہنچ گیا تحریک انصاف کی رکن اسمبلی طاہرہ دعا بھٹو کی بہن نے سندھ اسمبلی کی لابی میں ٹک ٹاک وڈیو بنا ڈالی۔

دعا بھٹو نے اپنی بہن کی جانب سے وڈیو بنانے پر معذرت کرلی، سندھ اسمبلی کی لابی میں پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی کی بہن کی جانب سے ٹک ٹاک ویڈیو بنالی گئی۔

مختلف گانوں پر ٹک ٹاک ویڈیو سندھ اسمبلی کی لابی میں بنائی گئی جو منظر عام پر آئی تو معلوم ہوا کہ ٹک ٹاک ویڈیو اقرا بھٹو نامی اکاؤنٹ سے اپ لوڈ کی گئی ہے جو سندھ اسمبلی کے جاری سیشن میں مہمان گیلری میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی کے باوجود بنائی گئی  ہے جو سندھ اسمبلی کی سیکیورٹی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

خاتون ٹک ٹاک ویڈیو بناکر چلتی بنیں، ٹک ٹاک وڈیو کے حوالے سے دعا بھٹو نے اپنے  وضاحتی بیان میں کہا کہ اقرا  بھٹو میری بہن ہے اس نے ناسمجھی میں ویڈیو بنائی ہے میں اپنی بہن کو سندھ اسمبلی اجلاس کی کوریج دیکھنے کے لیے لائی تھی تاہم انھیں ویڈیو بنائے جانے کے بارے میں علم نہیں تھا۔

سندھ اسمبلی لابی میں ٹک ٹاک وڈیو وائرل ہونے کے حوالے سے سندھ کے وزیر برائے پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی سے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے جس پر اسپیکر نے معاملے کی انکوائری کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔