چوری کی گاڑی میں نشے کی پارٹیاں کرنے والے ملزمان خاتون سمیت گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 1 جولائی 2020
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چوری شدہ گاڑی، آئس اور دیگر منشیات برآمد کر لی گئی، ایس ایس پی ایسٹ۔ فوٹو:ایکسپریس

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چوری شدہ گاڑی، آئس اور دیگر منشیات برآمد کر لی گئی، ایس ایس پی ایسٹ۔ فوٹو:ایکسپریس

کراچی: گاڑی چوری کرکے لانگ ڈرائیو پر نشے کی پارٹیاں کرنے والے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلئے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل تھانہ فیروزآباد پولیس نے دوران پیٹرولنگ گاڑی چوری کرکے لانگ ڈرائیو پر نشے کی پارٹیاں کرنے والے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ، چوری شدہ گاڑی، آئس اور دیگر منشیات برآمد کر لی ۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق ملزمان  شاہ رخ ولد افتخار، وجاہت ولد جمال اقبال اور خاتون ملزمہ سمیرا احسان ہنڈا سٹی گاڑی رجسٹریشن نمبر اے جے ایچ632 میں سوار جارہے تھے، کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر گاڑی کو روکا تو انکشاف ہوا کہ تینوں ملزمان نشے میں دھت اور چوری کی گاڑی میں سوار ہیں، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، بڑی تعداد میں آئس اور دیگر منشیات اور بریگیڈ تھانے کی حدود چوری کی جانے والی گاڑی برآمد کرلی۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ  گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں چوری و چھین کر نشے کی پارٹیاں کرنے کے لیے لانگ ڈرائیو پر جاتے تھے اور ڈرائیونگ کے دوران آئس نشہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کا استعمال کرتے تھے، پارٹی کرنے کے بعد ملزمان گاڑی فروخت کردیتے تھےگاڑی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے منشیات خریدی جاتی تھی۔

ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کا گروہ 8 سے 10 ملزمان پر مشتمل ہے، گرفتار ملزمان شاہ رخ اور وجاہت ناظم آباد جب کہ لڑکی سمیرا کا تعلق سرجانی سے ہے،  ملزم شاہ رخ 2016 میں ناظم آباد اور 2017 میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے گرفتار ملزمان کے خلاف مزید 3 مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔