بھارتی جیلوں میں 362 پاکستانی قید، 62 شہری سزا پوری ہونے پر بھی رہا نہ ہوسکے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 1 جولائی 2020
پاکستان کی تحویل میں 324 بھارتی قیدی ہیں جس میں 270 ماہی گیر اور 54 سول بھارتی قیدی ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو : انٹرنیٹ)

پاکستان کی تحویل میں 324 بھارتی قیدی ہیں جس میں 270 ماہی گیر اور 54 سول بھارتی قیدی ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو : انٹرنیٹ)

 اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے، بھارت کی تحویل میں 362 پاکستانی قیدی ہیں جن میں سے 62 قیدی سزا پوری کرچکے جس پر  پاکستان نے ان 62 قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کی جیلوں میں قید ایک دوسرے کے شہریوں کی تعداد سامنے آئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی تحویل میں 324 بھارتی قیدی ہیں جس میں 270 ماہی گیر اور 54 سول بھارتی قیدی ہیں جب کہ بھارتی جیلوں میں 362 پاکستانی قیدی ہیں ان میں 265 سویلین اور 97 ماہی گیر ہیں۔

ترجمان کے مطابق بھارتی جیل میں قید 15 سویلین اور 47 پاکستانی ماہی گیر اپنی سزا مکمل کر چکے ہیں، پاکستان ان قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے 77 سویلین اور 113 ماہی گیروں کے لیے قونصلر رسائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔