جسٹس فائز کے خلاف توہین آمیز ویڈیو کے ملزم آغا افتخار کو توہین عدالت کا نوٹس

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جولائی 2020
آغا افتخار الدین مرزا کو 6 ماہ کیلئے جیل بھیج دیتے ہیں، چیف جسٹس

آغا افتخار الدین مرزا کو 6 ماہ کیلئے جیل بھیج دیتے ہیں، چیف جسٹس

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز کے خلاف توہین آمیز ویڈیو بنانے کے ملزم آغا افتخار الدین مرزا کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے آغا افتخار الدین مرزا توہین آمیز ویڈیو از خود نوٹس کیس
پر سماعت کی۔ آغا افتخار الدین مرزا کے وکیل نے اپنے موکل کی طرف سے غیر مشروط معافی نامہ جمع کرایا۔

جسٹس اعجازلاحسن نے کہا کہ ایسے مقدمے میں معافی نامہ کیسے دیں، معافی نامہ دینے کا فائدہ نہیں ہوگا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آغا افتخار الدین مرزا کو 6 ماہ کیلئے جیل بھیج دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس فائز توہین آمیز ویڈیو از خود نوٹس کیس میں ملزم آغا افتخار الدین کو نوٹس

وکیل نے کہا کہ افتخار الدین مرزا دل کے مریض ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کیا کریں انکو اپنی زبان کو قابو میں رکھنا چاہئے تھا، بادی النظر میں توہین عدالت کا کیس بنتاہے۔

عدالت نے حامد میر اور محمد مالک کے وکیل کو سننے سے انکار کردیا۔

سپریم کورٹ نے آغا افتخار الدین کو توہین عدالت کارروائی کیلئے شوکاز جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر آغا افتخار الدین کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔