کورونا وبا؛ ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جولائ 2020
24 گھنٹوں میں 4 ہزار87  افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، فوٹو: فائل

24 گھنٹوں میں 4 ہزار87 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک میں ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب اس کے مریض بھی تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں اور اب ملک میں اس وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 941 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار896 ہوگئی ہے۔ کورونا کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض صوبہ سندھ میں ہیں جہاں ان کی تعداد 89 ہزار 225 ہے، پنجاب میں 78 ہزار 956 ، خیبرپختونخوا میں27 ہزار 110، بلوچستان 10 ہزار 666، اسلام آباد میں 13 ہزار 195، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 160 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 524 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 78 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار 819 اور سندھ میں ایک ہزار 437، خیبرپختونخوا میں 983 ، بلوچستان میں 122، اسلام آباد میں 129، آزاد کشمیر میں 33 جب کہ گلگت میں 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ملک میں ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب مریضوں کی صحتیابی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب ملک میں اس وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 8 ہزار 929 مریضوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار896 ہے جب کہ اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 623 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔