کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جولائی 2020
نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا

نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا

 اسلام آباد: حکومت نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 89 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت ای سی سی نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوگا اور نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

اجلاس میں حساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے 3.72 ملین خاندانوں کو امداد دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے، پروگرام کے تحت 29.72 ارب روپے بارہ ہزار روپے فی کس کے حساب سے تقسیم کی جائیں گے، ای سی سی نے 37 لاکھ 25 ہزار درخواست دہندگان کیلئے 29.72  ارب روپے کی کیش ٹرانسفر کی منظوری دی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔