ملکی سلامتی وخودمختاری کا ہرقیمت پرتحفظ کیا جائے گا، قومی قیادت کا عزم

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جولائی 2020
پاکستان ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، قومی قیادت

پاکستان ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، قومی قیادت

 اسلام آباد: قومی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا، اور قومی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی خودمختاری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے اور اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اور پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔ اجلاس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج حملے کو ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔