پاکستان کو یو ایس ایڈ کی جانب سے 100 وینٹیلیٹرز کا عطیہ

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جولائی 2020
100 وینٹیلیٹرز کی مالیت 3 ملین ڈالرز ہے، امریکی ڈپٹی کونسل جنرل۔ فوٹو:این ڈی ایم اے

100 وینٹیلیٹرز کی مالیت 3 ملین ڈالرز ہے، امریکی ڈپٹی کونسل جنرل۔ فوٹو:این ڈی ایم اے

کراچی: امریکی حکومت کی طرف سے پاکستان کو 100 پورٹ ایبل آئی سی یو ونٹیلیٹرز عطیہ کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق امریکی حکومت کی طرف سے پاکستان کو 100 پورٹ ایبل آئی سی یو ونٹیلیٹرز عطیہ کیے گئے ہیں، امریکی کونسل خانہ کے ڈپٹی قونصل جنرل جان جوزف ہیلمئیر نے ونٹیلیٹرز این ڈی ایم اے کے حوالے کیے، این ڈی ایم اے کے ممبر آپریشنز بریگیڈیئر وسیم الدین نے کراچی ائیر پورٹ پر وصول کیے۔

امریکی ڈپٹی کونسل جنرل کا کہنا تھا کہ وینٹیلٹرز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کو کورونا کے خلاف مدد کے لیے فراہم کیے گئے ہیں، وینٹیلٹرز کورونا کے خلاف معاون ثابت ہوں گے، ان 100 وینٹیلیٹرز کی مالیت 3 ملین ڈالرز ہے۔

جان جوزف ہیلمئیر کا کہنا تھا کہ امریکا کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، یہ عطیہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے کئے گے وعدے کی تکمیل ہے۔

بریگیڈیر وسیم الدین کا کہنا تھا کہ ونٹیلیٹرز پورے ملک میں ضرورت کے مطابق تقسیم کیے جائیں گے، کورونا کے حساس مریضوں کو وینٹیلٹرز سے طبی سہولت ملے گی، این ڈی ایم اے پورے ملک میں کورونا کے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے امریکہ کی جانب سے عطیہ کیے گئے ونٹیلیٹرز کی صوبوں میں تقسیم کی تفصیل جاری کر دی ہے، جس کے تحت بلوچستان کو 13، کے پی 27، پنجاب 23 ونٹیلیٹرز دیئے جائیں گے، جب کہ سندھ کے حصے میں 26، آزاد کشمیر 6 اور  گلگت بلتستان کے لئے 5 ونٹیلیٹرز آئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے ان ونٹیلیٹرز کی تنصیب کے لیے ہسپتالوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے، اسپتالوں کی فہرست صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔