سندھ حکومت نے صوبے میں انٹر سٹی بسیں چلانے کی اجازت دیدی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 4 جولائی 2020
گاڑیاں حکومت کے مقرر کردہ بس اڈوں سے روانہ ہوں گی، دوران سفر مسافروں کیلیے ماسک کا استعمال لازم ہو گا، نوٹی فکیشن جاری۔ فوٹو: فائل

گاڑیاں حکومت کے مقرر کردہ بس اڈوں سے روانہ ہوں گی، دوران سفر مسافروں کیلیے ماسک کا استعمال لازم ہو گا، نوٹی فکیشن جاری۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ حکومت نے انٹرسٹی ( بین الضلاعی ) پبلک ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت دے دی جب کہ صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت کا باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹفیکشن میں کہا گیا ہے، مسافر گاڑیوں میں مسافروں کو تین فٹ کا فاصلہ رکھنالازمی ہوگا تمام مسافر کوچز وین اور بسوں میں ماسک، سینی ٹائیزر کا استعمال بھی لازمی ہوگا۔

حکم نامے کے مطابق مسافر گاڑیاں سندھ حکومت کے مقرر کردہ بس اڈوں سے روانہ ہونگی جہاں ڈس انفیکشن گیٹس نصب کیے جائیں گے، دوران سفر مسافروں کے لیے ماسک کا استعمال لازم ہوگا، بس میں سوار ہونے سے قبل مسافر، ڈرائیور اور کلینر کے جسم کا درجہ حرارت چیک کرنا بھی لازمی ہوگا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ بس ٹرمینلز سے مسافر بسوں کو روانگی کی اجازت ہوگی جس میں نیشنل ہائی وے لنک روڈ، کراچی بس ٹرمینل سہراب گوٹھ سپر ہائی وے اور کے ڈی اے بس ٹرمینل کورنگی نمبر ڈھائی شامل ہیں جہاں یومیہ بنیادوں پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بس مالکان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی جس میں مذکورہ بس سروس کی معطلی سمیت دیگر جرمانے اور سزائیں شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔