ضلع غربی وشرقی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، 41 یوسیزمیں ختم

اسٹاف رپورٹر  اتوار 5 جولائی 2020
کلفٹن،باتھ آئی لینڈ،ڈیفنس،لیاری،کھارادر،کھوڑی گارڈن،شومارکیٹ،ڈولی کھاتہ،گارڈن ، لیاری ، موسیٰ لین اور بزرٹہ لائن میں اسمارٹ لاک ڈائون جاری ۔  فوٹو : ایکسپریس

کلفٹن،باتھ آئی لینڈ،ڈیفنس،لیاری،کھارادر،کھوڑی گارڈن،شومارکیٹ،ڈولی کھاتہ،گارڈن ، لیاری ، موسیٰ لین اور بزرٹہ لائن میں اسمارٹ لاک ڈائون جاری ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: کراچی میں کورونا کے مزید کیسز سامنے آنے پر ضلع غربی اور شرقی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،گزشتہ روز ضلع کورنگی،ملیر اور جنوبی میں لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا،کمشنر کراچی افتخار شالوانی کے مطابق ضلعی صحت افسران کی سفارش پر زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ، کیسز میں کمی آنے پر ضلعی انتظامیہ نے41 یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کردیاہے۔

تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی میں 18 جولائی تک نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن پر گلشن اقبال کی یو سی 5 میں گلشن اقبال بلاک2 اور بلاک3، یو سی 6 میں گلشن اقبال بلاک 13 اے ، بی اور سی، یو سی 8 میں گلشن اقبال 13 ڈی اے، یو سی 9 میں گلشن اقبال بلاک 7، یو سی 10 میں گلشن اقبال بلاک 4، 7 اور 11، یو سی 14 میں بلاک 13 شامل ہیں، جمشید ٹاؤن کی یو سی 6 میں پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، طارق روڈ میں بھی لاک ڈاون رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر غربی فیاض سولنگی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن میں یو سی 11 داتا نگر ایریا سیون اے اور بی ، یو سی 12مجاہد کالونی ملت آباد گلفام آباد علی گڑھ کالونی، سائٹ ٹاؤن، یو سی 4 میٹروول، بلاک ایک، 2 ، 3 ، 4 اور 5، بلدیہ ٹاؤن یو سی 5 سعیدآباد، ایریا فائیو جی ، فائیو جے اور اے تین، گڈاپ ٹاؤن، یو سی 5 سونگل، گلشن معمار بلاک ایکس، وائی اور بلاک زیڈ جبکہ کیماڑی ٹاؤن میں یو سی 3 کیماڑی، ڈاکس اور مجید کالونی کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا،ضلع ملیر میںیوسی6 ، گلشن حدید فیز ون اور ٹو میں اسمارٹ لاک ڈاؤن 7 جولائی تک نافذ رہے گا۔

ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر کے نوٹیفکیشن کے تحت لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کلفٹن، ڈیفنس، لیاری، کھارادر، گارڈن اور دیگر علاقے شامل ہیں، ڈیفنس خیابان راحت کے تمام کمرشل علاقے مکمل طور پر بند رہیں گے ،کلفٹن بلاک 4 اور 5 میں کاروباری مراکز بند رہیں گے، باتھ آئی لینڈ میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ رہے گا، کھارادر کے علاقوں میں مچھی میانی مارکیٹ اور کھوڑی گارڈن، گارڈن کے علاقوں میں ڈولی کھاتہ، شو مارکیٹ، ہری مسجد اور جیلانی مسجد کے علاقے، لیاری میں مدنی روڈ ،موسیٰ لین کے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، صدر میں صرف بزرٹہ لائن کے علاقے میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، حکم ناموں کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں بغیر ماسک کے اندر اور باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، علاقے میں آنے اور جانے والوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

گھر کے صرف ایک فرد کو شناختی کارڈ دکھا کر خریداری کرنے کی اجازت ہوگی، کسی قسم کی تقریب کی اجازت نہیں ہوگی، مریض کے ساتھ صرف ایک تیماردار کو باہر جانے دیا جائے گا، بغیر وجہ کے گھر سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا، ڈبل سواری اور تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی، سخت لاک ڈاؤن کے دوران گروسری اور میڈیکل اسٹور کے علاوہ تمام کاروبار بند رہے گا، ڈپٹی کمشنرز کی ذمے داری ہوگی کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل کرائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، دوسری جانب شہر کی مختلف41 یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کردیا گیا جو 2 جولائی تک نافذ کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔