ایفی ڈرین کیس: ظفر عباس ملک ملزم نامزد، گیلانی سے بھی تفتیش کا فیصلہ

قیصر شیرازی  جمعرات 6 ستمبر 2012
مخدوم شہاب،موسیٰ گیلانی سمیت14نام ای سی ایل میںڈالنے کی پٹیشن سماعت کیلیے منظور،وزارت داخلہ کونوٹس،2ملزمان کی ضمانت منظور۔ فوٹو: فائل

مخدوم شہاب،موسیٰ گیلانی سمیت14نام ای سی ایل میںڈالنے کی پٹیشن سماعت کیلیے منظور،وزارت داخلہ کونوٹس،2ملزمان کی ضمانت منظور۔ فوٹو: فائل

راولپنڈي: ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ اسکینڈل میں2نئی بڑی پیشرفت ہوئی ہیں۔

اس مقدمے میںآئی جی موٹروے، سابق سیکریٹری وزارت انسدادمنشیات ظفرعباس لک کوباقاعدہ ملزم بنا دیا گیا ہے اور مجازاتھارٹی سے انکی گرفتاری کی اجازت بھی لے لی گئی ہے جبکہ دوسری بڑی پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ اس اہم مقدمے میں سابق وزیراعظم گیلانی کوبھی شامل تفتیش کرنیکااصولی فیصلہ کرلیاگیا ہے اس بابت اے این ایف کی ٹیم نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا 2 دن تفصیلی دورہ کرکے وہاں سے کئی اہم ترین اجلاسوںکے منٹس اور مختلف فیصلوںکی سمریوںکی نقول بھی حاصل کی ہیں جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے بھی اے این ایف کے فورس کمانڈربریگیڈیئرفہیم اورتفتیشی آفیسرایس پی عا بد ذوالفقار پرمشتمل ٹیم نے خصوصی ملاقات کی ہے جس میںاہم امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔

اے این ایف ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو میںتصدیق کی کہ اے این ایف کی ٹیم اس بابت تیزی سے کام کررہی ہے آئی جی موٹروے کوملزم نامزدکرنااسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ اس امرکاباریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے کہ گریڈ21کے افسرظفرعباس لک کی اسکیل22 میں بطورسیکریٹری صرف چندگھنٹوں میںکیسے تقرری ہوئی؟ ذرائع نے بتایا کہ اے این ایف کی تفتیشی ٹیم اینٹی نارکوٹکس فورس ایکٹ کی سیکشن5کے تحت کسی بھی ملکی سرکاری ادارے،وزارت کا کوئی بھی ریکارڈ سمریاں یا منٹس حاصل کرنے کی مجاز ہے۔

دریں اثنا انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ظفراقبال چوہدری نے ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ کیس میں گرفتار 2 ملزمان ہاشم خان ترین اور احسان الرحمن کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کو ایک ، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر فوری رہا کرنیکاحکم دیا ہے۔لاہورکی ایک فارما سیوٹیکل کمپنی کے ڈائریکٹرایفی ڈرین کیس کے ملزم ڈاکٹر فرحان کی عبوری ضمانت خارج کردی،ملزم عدالت پیش نہیں ہوئے تھے ۔

ادھرلاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے ایفی ڈرین کوٹہ الاٹمنٹ سکینڈل میں وفاقی وزیرمخدوم شہاب الدین،علی موسیٰ گیلانی سمیت نامزد 14 ملزمان کانام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے اے این ایف کی پٹیشن سماعت کیلیے منظورکرلی ہے۔اے این ایف کے پراسیکیوٹر بیرسٹر وسیم قریشی نے کہا کہ ایفی ڈرین کیس میں وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین،ایم این اے علی موسیٰ گیلانی سمیت 14 کے بیرون ممالک فرارہوسکتے ہیں اس لیے وزارت داخلہ سے انکے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی استدعاکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔