شہبازشریف (ن) لیگ کےریموٹ کنٹرول قائد بنناچھوڑ کرعملی دنیا میں آئیں، فیاض الحسن چوہان

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائ 2020
کورونا کے خلاف اخلاقی، سیاسی، مالی و قانونی محاذ پر لڑنا شہباز شریف کا فرض ہے، فیاض الحسن چوہان فوٹو: فائل

کورونا کے خلاف اخلاقی، سیاسی، مالی و قانونی محاذ پر لڑنا شہباز شریف کا فرض ہے، فیاض الحسن چوہان فوٹو: فائل

 راولپنڈی: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف (ن) لیگ کے ریموٹ کنٹرول قائد بننا چھوڑیں اور عملی دنیا میں قدم رکھیں۔

اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر دلی مبارک باد دیتے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا کے خاتمے کی جدوجہد میں اپنا لوہا منوایا ہے، صوبے کے عوام عثمان بزدار کو کورونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے انتظامی صلاحیتوں پر نمبر ون قرار دے چکے ہیں۔ اب شہباز شریف وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تقلید کرتے ہوئے کورونا کے خلاف جنگ لڑیں اور اب ن لیگ کے ریموٹ کنٹرول قائد بننا چھوڑیں اور عملی دنیا میں قدم رکھیں

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بطور اپوزیشن لیڈر کورونا کے خلاف اخلاقی، سیاسی، مالی و قانونی محاذ پر لڑنا شہباز شریف کا فرض ہے، امید ہے شہباز شریف کراچی سے خیبر تک پورے ملک میں کورونا کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئیں گے۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے شہباز شریف اپنی 40 سال کی لازوال، بے مثال، تابناک اور شاندار کرپشن کی تفتیش میں بھرپور تعاون کریں گے، وہ جس دھج سے ریلیف لینے عدالت گئے، اسی دھج سے اب نیب میں بھی حاضر ہوں گے، انہیں چاہیے کہ ڈرنا چھوڑیں اور فرنٹ فٹ پر آ کر اپنا کردار ادا کریں اگر رہنمائی چاہیے تو سردار عثمان بزدار کی بہترین پرفارمنس سے سبق سیکھ سکتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔