بھارت کے کورونا ویکسین کی تیاری کے دعوے پر عالمی ادارہ صحت کا تحفظات کا اظہار

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2020
بھارتی ماہرین نے بھی مودی سرکار کے دعوے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے، فوٹو : فائل

بھارتی ماہرین نے بھی مودی سرکار کے دعوے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے، فوٹو : فائل

نئی دہلی: عالمی ادارہ صحت نے بھارت کے 15 اگست تک کورونا ویکسین کی تیاری کے دعوے پر تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنی جلدی ویکسین کی تیاری کا امکان موجود نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے سربراہ ڈاکٹر بلرام بھرگاوا نے بھارت بائیوٹیک انڈیا کے اشتراک سے کورونا ویکسین 15 اگست تک تیار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’کوویکسین‘‘ نامی دوا کے تمام انسانی ٹرائل مکمل کرلیے جائیں گے جس کے بعد یہ ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔

عالمی ادارہ صحت نے اتنی جلدی ویکسین کی تیاری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین کی تیاری کے لیے پہلے سے طے شدہ مراحل کو پورا کرنا اور معیار کو برقرار رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے جو اتنی قلیل مدت میں ممکن نہیں۔

بھارتی ماہرین ڈاکٹر شنکر جوشی اور ڈاکٹر آننت بھان نے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیار پر سودے بازی قبول نہیں کی جائے۔ نئی ویکسین کی تیاری اور ٹرائل کے لیے تین مرحلوں سے گزرنا ہوتا ہے جس میں مجموعی طور پر ایک سال اور تین ماہ کا وقت لگتا ہے اس کے بعد ویکسین مارکیٹ میں آنا شروع ہوتی ہے۔

ادھر مودی سرکار کی ناقص کارکردگی کے باعث بھارت میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی 24 ہزار 850 نئے مریضوں میں موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بھارت بھر میں اب تک کووڈ-19 کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 73 ہزار اور 165 ہوگئی ہے اور بھارت دنیا میں کورونا سے چوتھا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔