کراچی سمیت سندھ بھر میں آج رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2020
تمام متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

تمام متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

کراچی: ملک کے بیشتربالائی علاقوں میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے. 

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر اور ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، اور کہا ہے کہ آج سے سندھ میں مون سون کی ہواؤں میں شدت کی توقع ہے جس کے نتیجے میں آج رات سے منگل کے دوران سندھ کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے جس سے کراچی، ٹھٹھہ ، بدین اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند گھنٹوں کے دوران کراچی میں ہواؤں کی رفتار میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کی توقع موجود ہے، سندھ میں خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، جامشورو اور دادو میں آج رات سے منگل کے دوارن اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔ جب کہ ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جاری حالیہ بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔

ماہر موسمیات عرفان ورک کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کو موسلادھار بارش سے کراچی ، ٹھٹھہ ، بدین اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے  جس سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔