پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے

ویب ڈیسک  پير 6 جولائی 2020
پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنانے کے حوالے سے اہم دن ہے، فواد چوہدری۔ فوٹو ٹوئٹر

پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنانے کے حوالے سے اہم دن ہے، فواد چوہدری۔ فوٹو ٹوئٹر

ہری پور: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے این آر ٹی سی ہری پور کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری اور زبیدہ جلال بھی ہمراہ تھے، وزیراعظم نے مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے وینٹی لیٹرز پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا اور وزیراعظم کو پاکستانی انجینئرز کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ وزیراعظم نے پاکستانی وینٹی لیٹرز کے 15 یونٹس این ڈی ایم اے کے حوالے بھی کیے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنانے کے حوالے سے اہم دن ہے، ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا گیا ہے، میڈ اِن پاکستان وینٹی لیٹرز کا پہلا بیج این ڈی ایم اے کے حوالے کر دیا گیا، سیف وینٹ کا پہلا بیج وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے این ڈی ایم اے کے سپرد کیا گیا۔

 

وزیراعظم نے دیسی ساختہ وینٹی لیٹر تیار کرنے پر این آر ٹی سی اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، ہمارے پاس بہت زیادہ صلاحیت ہے کہ ہم نئی ​​تکنیکی جدت پر خود انحصاری کی طرف جائیں، ہماری حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا، اب ہماری توجہ صحت کی جامع اصلاحات پر رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔