جامعہ کراچی میں طلبہ کے امتحانات آن لائن ہونگے، پالیسی تیار

صفدر رضوی  پير 6 جولائی 2020
جن طلبہ کے پاس انٹرنیٹ سے متعلق شکایات ہیں ان طلبہ کے زبانی امتحانات فون پر ممکن ہوسکیں گے ۔ فوٹو : فائل

جن طلبہ کے پاس انٹرنیٹ سے متعلق شکایات ہیں ان طلبہ کے زبانی امتحانات فون پر ممکن ہوسکیں گے ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی کے 42 ہزار سے زائد طلبہ کے آن لائن سیمسٹر امتحانات کا اوصولی فیصلہ کرلیا ہے اور اس فیصلے کا اطلاق یونیورسٹی سے الحاق شدہ سیمسٹراور اینوول  سسٹم کے تحت چلنے والے کالجوں کے ہزاروں طلبہ پر بھی ہوگا۔

امتحانی پالیسی  سے متعلق رپورٹ اس سلسلے میں قائم کی گئی اکیڈمک کونسل کی کمیٹی نے جامعہ کراچی کے رجسٹرار کے حوالے کردی ہے اور یہ رپورٹ اب ڈینز کمیٹی میں منظوری کے لیے پیش کی جارہی ہے اوروائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت ڈینز کمیٹی اس رپورٹ کی منظوری دے گی ڈاکٹر وحید بلوچ کے دستخط سے جاری کی گئی۔

اس رپورٹ میں آن لائن امتحانات کے لیے چار مختلف طریقہ کار modes of examination کی وضاحت کی گئی ہے جن میں نمبر 1  ” دوران سیشن اسسمنٹ، نمبر 2 فائنل امتحانات، نمبر 3  پریکٹیکل/لیب ورک اسسمنٹ اور نمبر4 سپلیمنٹری امتحانات اور الحاق شدہ کالجوں کے امتحانات شامل ہیں۔

دوران سیشن اسسمنٹ میں (مڈ ٹرم، ٹرم پیپر/کیس اسٹڈی پروجیکٹ/thematic essay ،انفرادی یا گروپ پریزینٹیشن ، کلاس ٹیسٹ /کلاس ایکٹیویٹی/ کوئز/ ای پورٹ فولیو، اوپن بک اسائنمنٹ/ انفرادی یا گروپ کا زبانی امتحان) لیا جاسکے گا۔

اسی طرح فائنل امتحانات بھی آن لائن اسسمنٹ (اوپن بک ، essay، کیا اسٹڈی ، فائنل ایئر پروجیکٹ،  reading comprehension ، زبانی امتحانات) شامل ہونگے ان امتحانات کا وقت متعلقہ کورس انچارج معین کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق ان امتحانات کے مارکس کی allocation تخمینہ کورس انچارج طے کرے گا، پریکٹیکل اور لیب ورک کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریکٹیکل پارٹ کو ترک کردیا گیا ہے اور لیب ورک کا صرف میتھاڈولوجی پارٹ امتحانات کے لیے شامل کیا جائے گا اس کے لیے پہلے سے موجود لیب پریکٹیکل کے نتائج کی ویڈیوز طلبہ کے ساتھ شیئر کی جائے گی اس کی اسسمنٹ زبانی امتحانات کے ذریعے ہوسکے گی پریکٹیکل ورک ،انٹرن شپ اور لیب اسسمنٹ کی کمی متعلقہ کونسل اور پروفیشنل باڈیز کی دی گئی گائیڈ لائن سے پوری کی جائیں گی۔

سپلیمنٹری امتحانات کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان امتحانات کا طریقہ کار بھی فائنل امتحانات کی طرز پر ہی ہوگا جبکہ الحاق شدہ کالجوں کے امتحانات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کے امتحانات میں 40 فیصد امتحانی نتائج کالج سے لیے جائیں گے جبکہ 60 فیصد امتحانات جامعہ کراچی کی فائنل ایکزام پالیسی کے تحت ہونگے annual سسٹم کے تحت چلنے والے ادارے کے امتحانات بھی فائنل ایکزام پالیسی کے مطابق ہی ہونگے۔

رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے طلبہ اور الحاق شدہ کالجوں کے طلبہ کے آن لائن امتحانات اسکائپ، گوگل کلاس روم،  ایم ایس ٹیمز، شام اور واٹس ایپ ویڈیو کالز کے ذریعے لیے جاسکتے ہیں۔

ایم فل/پی ایچ ڈی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کا فائنل ڈیفنس اور زبانی امتحانات بھی آن لائن ہی ہونگے، جن طلبہ کے پاس انٹرنیٹ سے متعلق شکایات یا آن لائن امتحانات دینے میں انھیں کسی قسم کی طبی دشواریاں پیش آرہی ہوں وہ اپنی درخواست کلاس ٹیچر یا چیئرپرسن کو دے سکیں ان طلبہ کے زبانی امتحانات فون پر ممکن ہوسکیں گے یہ زبانی امتحانات مستقبل کی کسی بھی ضرورت یا ریفرنس کے طور پر ریکارڈ بھی کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔