مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن کے 11 ماہ مکمل، 192 افراد شہید ہوئے

اسٹاف رپورٹر  منگل 7 جولائی 2020
رپورٹ کے مطابق لاک ڈاون کے دوران شہادت پانے والوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ فوٹو، فائل

رپورٹ کے مطابق لاک ڈاون کے دوران شہادت پانے والوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ فوٹو، فائل

 اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاون کو گیارہ ماہ مکمل ہوگئےجس کے دوران بھارتی  قابض فوج کے ہاتھوں 192 کشمیری شہید اور 1326 زخمی ہوئے جب کہ لاک ڈاون کے دوران بھارتی فورسز نے 77 خواتین کی آبرو ریزی کی۔ 

نوجوان کشمیری مجاہد کمانڈر ہرہان وانی کی برسی کے موقعے پر کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ گیارہ ماہ سے جاری لاک ڈاون کے دوران قابض بھارتی فوج نے 192 کشمیریوں کو شہید اور 1326 زخمی کیا۔رپورٹ کے مطابق لاک ڈاون کے دوران شہادت پانے والوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ لاک ڈاون کے دوران  قابض بھارتی فوج نے 77 خواتین کی آبرو ریزی کی جبکہ 935 مکانات کو بھی نقصان پہنچایا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برہان وانی کی چوتھی برسی کے حوالے سے سرینگر و نواحی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔اس ضمن میں حریت رہنما اعجاز رحمانی کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔انھوں نے برہان وانی سمیت تمام شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا لہو ضرور رنگ لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی تحریک میں جان قربان کرنے والے شہداء ہمارے ہیرو ہیں ،ہم شہداء کے مشن کو آگے لیکر چلیں گے۔ خاص طور پر برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے۔اب بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا۔وہ وقت قریب ہے جب کشمیریوں کا ان کا بنیادی حق ، حق خودارادیت مل جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔