حکمران عزت سے استعفی دے دیں ورنہ انجام مزید گندا ہوجائے گا، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  منگل 7 جولائ 2020
اپوزیشن کے غلط کردار کی وجہ سے حکومت کو طول ملا ہے، مولانا فضل الرحمان (فوٹو:فائل)

اپوزیشن کے غلط کردار کی وجہ سے حکومت کو طول ملا ہے، مولانا فضل الرحمان (فوٹو:فائل)

 حیدرآباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ پی ٹی آئی کو مزید برداشت کرسکیں، حکمران عزت سے استعفی دے دیں ورنہ انجام مزید گندا ہوجائے گا۔

حیدرآباد میں الجمعیت ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنے کے بعد حکومت کا ڈاوٴن فال شروع ہوچکا تھا، اگر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہماری طرح میدان میں نکلتی تو آج نقشہ تبدیل ہوتا، اپوزیشن کے غلط کردار کی وجہ سے حکومت کو طول ملا ہے، اب اپوزیشن کو رویہ تبدیل کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اتحادی بھی ناخوش ہیں، اور ان کو لانے والے بھی پریشان ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والوں میں انہیں سلیکٹ کرنے والے بھی ذمہ دار ہیں، چینی، آٹا اور پیٹرول بحران ان کے لوگوں کا ہی پیدا کردہ ہے، لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی، یہ لوگ خود پر تنقید کو برداشت نہیں کررہے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ پی ٹی آئی کو مزید برداشت کرسکیں، حکمران عزت سے استعفی دے دیں ورنہ انجام اور گندا ہوجائے گا۔ ہم مائنس آل کے خواہشمند ہیں، مائنس ون اور تھری کا وقت گزر گیا، جے یو آئی 9 جولائی کو کراچی میں اے پی سی بلا رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔