خضدار اور ہرنائی میں فورسز سے مقابلے میں 4 ملزمان ہلاک

اسٹاف رپورٹر  منگل 7 جولائی 2020
ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، سیکیورٹی ذرائع (فوٹو: فائل)

ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، سیکیورٹی ذرائع (فوٹو: فائل)

 کوئٹہ: خضدار اور ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان مارے گئے۔

خضدار اور ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان مارے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال کے دشوار گزار علاقے گریشہ لوپ میں سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان ہلاک ہوئے جن کی شناخت محمد انور ولد رحمت اللہ ساکن گجر مشکے، عبدالحمید ولد نور جان ساجدی ساکن بدرنگ گریشہ، صابر ولد سوالی ساکن گریشہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

دریں اثنا فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہرنائی کے نواحی علاقے نشپاء میں سیکیورٹی فورسز نے مطلوب ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا تو مکان میں موجود ملزم نے فورسز پر فائرنگ کی۔ فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ملزم قیصر چھلگری ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم کالعدم تنظیم کا اہم رکن تھا جب کہ بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک بچی کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔