کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 8 جولائی 2020

 کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کرنٹ لگنے کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیفنس، ابراہیم حیدری، کورنگی، قیوم آباد، اختر کالونی، محمودآباد، یونیورسٹی روڈ، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر اور نارتھ کراچی میں کہیں تیز اور کہیں بوندا باندی جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ماڈل کالونی اور کریم آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص اور مزدور جاں بحق ہوا جب کہ کارساز میں بجلی کا تار گرنے سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ محمد رفیق ولد حیات محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ناگن چورنگی کے علاقے مسلم ٹاؤن سیدہ مسجد اور الحاج ریسٹورنٹ کے قریب کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ اور 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کارساز پر ہونے والے افسوسناک واقعے سے آگاہ ہیں، کے الیکٹرک کی متعلقہ ٹیمیں بروقت امداد کے لیے موقع پر موجود ہیں جب کہ واقعے پر کے الیکٹرک نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کردیا ہے تاہم واقعے کی تفصیلات سے متعلق مزید تفتیش کررہے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مون سون سسٹم شہر کے جنوب مشرق میں موجود ہے تاہم کل سے سمندری ہوائیں بحال ہونے پر گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا، رواں مون سون اسپیل کے بعد کراچی کے موسم میں تبدیلی آئے گی جب کہ کراچی میں 15 جولائی کے بعد مون سون کا دوسرا اسپیل آسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔