قوم قربانی سے متعلق بنائے گئے ایس اوپیزپرعمل کرے، وزیراعظم کی اپیل

ویب ڈیسک  جمعرات 9 جولائی 2020
پاکستان میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے ،وزیراعظم فوٹوفائل

پاکستان میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے ،وزیراعظم فوٹوفائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحیٰ پرکورونا وبا سے متعلق احتیاط کونظرانداز نہ کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد آئیسولیشن اسپتال اینڈ انفیکشن ٹریٹمنٹ سینٹرکا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آئیسولیشن اسپتال اینڈ انفیکشن ٹریٹمنٹ سینٹرکم دنوں میں مکمل کیا گیا جوخوش آئند ہے اورٹیم کومبارک باد بھی پیش کرتا ہوں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آرپریشن سینٹر نے مشکل وقت میں اہم کام کیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام سے  اپیل ہے وہ عید الاضحیٰ پراحتیاط کونظراندازنہ کریں، گزشتہ عید پرہم نے لاپرواہی کی جس کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیلا، قوم سے اپیل ہے کہ وہ نہ ہو جو ہم نے گزشتہ عید پر کیا۔ قربانی سے متعلق ایس او پیز بنائے ہیں قوم سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد بتدریج کم ہورہی ہے، دیگر ممالک کے نسبت پاکستان میں اس وبا سے اموات کم ہوئیں۔

واضح رہے کہ ڈھائی سوبستروں پرمشتمل جدید سہولتوں سے آراستہ اسپتال ریکارڈ 40 دن میں تعمیرکیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔