موجودہ حکومت تبدیلی نہیں تباہی لائی ہے، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  جمعرات 9 جولائی 2020
 حکومت کا اپنی مدت پوری کرنا پورے ملک کو بددعا کرنے کے مترادف ہے، مولانا فضل الرحمان (فوٹو: فائل)

حکومت کا اپنی مدت پوری کرنا پورے ملک کو بددعا کرنے کے مترادف ہے، مولانا فضل الرحمان (فوٹو: فائل)

کراچی: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت تبدیلی نہیں تباہی لائی ہے، جب کہ 2018 کا الیکشن فراڈ تھا اور موجودہ حکمران جعلی ہیں۔

کراچی میں آل پارٹیزکانفرنس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی پالیسی کامیاب نہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ کاحجم پچھلے سال کی نسبت کم ہے، برآمدات ختم ہوچکی ہیں، ریاست اور ریاستی ادارے ایک پیج پرنہیں، ملکی مسائل مزید الجھ رہےہیں اور حل کی طرف کوئی نہیں جارہا، موجودہ حکومت تبدیلی نہیں تباہی لائی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ  ریاست کی بقا کا دارومدار معاشی خوشحالی پر ہے، ملک کی معاشی صورتحال پر فکرلاحق ہے، سیاسی جماعتیں ریاست کے بقا کی جنگ لڑرہی ہیں، 2018 کا الیکشن فراڈ تھا اور موجودہ حکمران جعلی ہیں، حکومت کے 5 سال پورے کرنے پورے ملک کو بددعا کرنے کے مترادف ہے، آج بھی ہمارا مطالبہ ہے صاف اور شفاف انتخابات کرائےجائیں،  صاف اورشفاف انتخابات قوم کاحق ہے، اب ہم مرکز کی سطح پر اے پی سی کے انعقاد کی طرف جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔