بھارت میں کورونا وائرس عروج پر، 25 ہزار نئے کیسز

ویب ڈیسک  جمعرات 9 جولائی 2020
بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، فوٹو : فائل

بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارت ميں چوبيس گھنٹوں ميں کورونا کے 25 ہزار نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد مودی سرکار کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ہے جب کہ ملک بھر میں یومیہ بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے پچيس ہزار سے زائد نئے کيسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 67 ہزار 302 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ بھارت میں یومیہ 2 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔

رواں برس مارچ کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ جب انفيکشن کی تعداد میں اس حد تک اضافہ ہوا ہے، عالمی سطح پر بھی بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تيسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ تمام ہی اسپتالوں میں کورونا وارڈز بھر چکے ہیں اور زیادہ تر مریض وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے جب کہ دیہاتوں میں حالت مزید خراب ہے۔

یہ خبر پڑھیں : بھارت کورونا وبا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ریاست مہاراشٹرا میں سامنے آئے ہیں جب کہ دارالحکومت نئی دہلی، ممبئی سمیت کئی بڑے شہر مہلک وائرس کی لپیٹ میں ہیں اور مودی سرکار کورونا وبا کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دنیا بھر میں 1 کروڑ 18 لاکھ 148 ہزار اور 626 ہوگئی ہے جب کہ 5 لاکھ 45 ہزار افراد اس وبائی مرض میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔