بدترین شکستیں،انگلش کپتان کے حوصلے بدستور توانا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 10 دسمبر 2013
ٹیم اب بھی ایشز سیریز میں واپس آنے کی صلاحیت رکھتی ہے،الیسٹرکک۔فوٹو:فائل

ٹیم اب بھی ایشز سیریز میں واپس آنے کی صلاحیت رکھتی ہے،الیسٹرکک۔فوٹو:فائل

ایڈیلیڈ: ابتدائی 2میچز میں بدترین شکستوں کے باوجود انگلش کپتان الیسٹر کک کے حوصلے بدستور توانا ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیم اب بھی ایشز سیریز میں واپس آنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پلیئرز 0-2 سے پیچھے رہنے کے بعد بھی فائٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو مات دے سکتے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں کک نے کہا کہ ایشز ابھی ختم نہیں ہوئی،اگر ہم یہ سوچنے لگے کہ سیریزہمارے ہاتھ سے نکل گئی تو واقعی ایسا ہو جائے گا،28 سالہ اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ یہ خسارہ ایسا نہیں جسے ختم کرنا ممکن نہ ہو، ہمیں گرد جھاڑ کر اٹھنا اور سخت محنت کے ذریعے تصویر کا رخ بدلنا ہے، ہمارے لیے یہ ناکامی بہت تکلیف دہ ہے لیکن اس کا مداوا صرف ہم ہی کر سکتے ہیں۔ تیسرا ٹیسٹ جمعے سے پرتھ میں شروع ہو گا،ایشز کی تاریخ میں مہمان سائیڈ صرف ایک بار ہی اس میدان پر کامیابی حاصل کر سکی ہے۔

اسی لیے میچ میں آسٹریلیا کی جیت کے زیادہ امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، اس صورت میں ایشز ٹرافی پر اس کا قبضہ یقینی ہو جائے گا۔ آسٹریلوی کپتان اپنی فارم کی بلندیوں پر ہیں، انھوں نے دونوں میچز میں سنچری اسکور کی، دوسری جانب انگلش قائد کک گذشتہ پانچ برسوں میں رواں سال سب سے کم اوسط سے بیٹنگ کر رہے ہیں، ان کی ٹیم گذشتہ 20 اننگز میں 400 سے زیادہ کا اسکور ایک بار بھی نہیں بنا سکی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کو انگلینڈ نے گذشتہ سیریز میں 3-0 سے شکست دی تھی، رواں سیریز سے قبل9 میں سے 7 میں اسے کامیابی نصیب ہوئی لیکن حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔