ملک میں کورونا وائرس سے مزید 75 اموات، 2751 نئے کیسز رپورٹ

ویب ڈیسک  جمعـء 10 جولائی 2020
سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2751 نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور مزید 75 مریض جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 255 کورونا ٹیسٹ کیے گئے،اب تک مجموعی طور پر 15 لاکھ چودہ ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

کورونا کے مزید 2751 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 599 ہوگئی ہے جس میں سے فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 449 ہے اور ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

گزشتہ ایک روز میں طبیعت خراب ہونے پر کورونا کا شکار مزید 75 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مجموعی اموات 5 ہزار 58 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں ایک ہزار 972 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 677، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 63، اسلام آباد میں 146 ، بلوچستان میں 125، گلگت بلتستان میں 34 جب کہ آزاد کشمیر میں 41 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔