نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کیلئے 30 ارب روپے سبسڈی دی جائے گی، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 10 جولائی 2020
پہلے ایک لاکھ گھروں میں سے ہر ایک گھر کو تین لاکھ سبسڈی ملے گی، عمران خان . فوٹو : فائل

پہلے ایک لاکھ گھروں میں سے ہر ایک گھر کو تین لاکھ سبسڈی ملے گی، عمران خان . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کیلئے 30 ارب روپے سبسڈی دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ وتعمیرات سیکٹر کی ترقی کے لیے مراعات و سہولیات کا اعلان کرتے ہوئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے 30 ارب روپے کی سبسڈی مختص کردی ہے، پہلے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر پر فی گھر تین لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی، قرضے کی صورت میں مارک اپ کی شرح پانچ مرلہ مکان کے لیے پانچ فیصد اور 10 مرلہ مکان کے لیے 7 فیصد ہو گی، این او سی اور دیگر سہولیات کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سستے گھروں کی تعمیر پر ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے۔ گھر کی خریداری پر ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے، تمام لوگ31 دسمبر تک سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے، عالمی اداروں کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی کی مد میں31 دسمبر تک مہلت ملی ہے، اس کے بعد یہ سہولت ختم ہو جائے گی۔

ہاؤسنگ اور تعمیرات کی قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ و تعمیرات کے شعبہ کو ترقی دینے سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔ نجی بینک سستے گھروں کی تعمیر کیلئے330 ارب روپے کے قرضے دینگے۔ ہاؤسنگ و تعمیرات کے شعبہ میں ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں اور مشکلات دور کرنے کے لئے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے مقاصد حاصل کرنے کے لئے مختلف جہتوں میں کام کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کا اپنی ٹیم کی کارکردگی پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ و تعمیرات کے شعبہ کی ترقی سے جہاں عام لوگوں کو اپنا گھر بنانے کی سہولت حاصل ہو گی، وہاں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، تعمیراتی صنعتوں کا پہیہ چلنے سے ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا مقصد غریب اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھر بنانے میں مدد دینا اور ملک میں روزگارکے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس سہولت سے کم آمدنی والے طبقات کو اپنا گھر بنانے میں آسانی ہو گی اور مکان کی لاگت میں بھی واضح کمی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے بینکوں کو آمادہ کیا ہے کہ وہ اپنے پورٹ فولیو کا پانچ فیصد تعمیرات کے لئے مختص کریں۔ اس طرح ہاؤسنگ و تعمیرات سیکٹرکیلئے 330 ارب روپے مختص ہوں گے۔ اس شعبہ کے لئے ٹیکسوں میں بھی کمی کی گئی ہے جس سے تعمیرات کی لاگت کم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبہ اور کم آمدنی والے طبقہ کواپنا گھر بنانے میں سہولت دینے کے لئے اتنا کام نہیں کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔