نسلی تعصب کی بات کرتے ہوئے مائیکل ہولڈنگ آبدیدہ ہوگئے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 11 جولائی 2020
والد کی رنگت سیاہ ہونے سے والدہ کی فیملی نے ان سے ملنا جلنا چھوڑ دیا تھا، معروف کمنٹیٹر ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

والد کی رنگت سیاہ ہونے سے والدہ کی فیملی نے ان سے ملنا جلنا چھوڑ دیا تھا، معروف کمنٹیٹر ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

 لاہور: نسلی تعصب کی بات کرتے ہوئے مائیکل ہولڈنگ کی آنکھوں سے آنسو ابل پڑے۔

ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزمیں ٹیسٹ میچ کے دوران ان سے نسلی تعصب پر تاثرات بیان کرنے کا کہا گیا تو اپنے والدین کا ذکر کرتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوگئے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی سیاہ فام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا اوراب یہ دور واپس آرہا ہے، نسلی تعصب کی وجہ سے میں نے ذاتی طور پر بھی بہت دکھ برداشت کیے، والد کی رنگت سیاہ ہونے سے والدہ کی فیملی نے ان سے ملنا جلنا چھوڑ دیا تھا، معروف کمنٹیٹر نے کہاکہ ’’بلیک لائیوز میٹر‘‘ایک لمبا سفر لیکن امید ہے کہ یہ درست سمت میں جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں نسل پرستی کیخلاف آوازیں بلند ہورہی ہیں۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ’’بلیکلائیوزمیٹر‘‘ مہم کی حمایت کردی

دوسری جانب کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے بھی بلیک لائیوز میٹر مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا، اس حوالے سے جاری اعلامیے میں قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیکس فال نے کہاکہ نسلی تعصبات سے بالاتر ہونا بورڈ کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے، ہم ہر ممکن پلیٹ فارم پر بلیک لائیوز میٹر مہم کے حق میں آواز اٹھائیں گے، میچز کے دوران بھی جہاں موقع ہوا نسلی امتیاز کے حوالے سے عوام کو آگاہی دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔