کورونا وبا؛ مصدقہ مریضوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک پہنچ گئی، 5170 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 جولائ 2020
ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 91 ہزار 602 ہے جب کہ ایک لاکھ 55 ہزار 136 صحت یاب ہوچکے ہیں (فوٹو: فائل)

ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 91 ہزار 602 ہے جب کہ ایک لاکھ 55 ہزار 136 صحت یاب ہوچکے ہیں (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب پہنچ گئی جب کہ اس وائرس کے سبب 5 ہزار 170 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق ملک بھر میں 23 ہزار 569 کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے اور  اب تک 15 لاکھ 38 ہزار 427 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اس طرح ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 163 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 368 ، پنجاب میں 85 ہزار 991، خیبر پختونخوا میں 29 ہزار 775، بلوچستان میں 11 ہزار 128، اسلام آباد میں 13 ہزار 927، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 630 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 532 افراد متاثر ہیں۔

اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 91 ہزار 602 ہے جب کہ ایک لاکھ 55 ہزار 136 کورونا متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں، اس طرح کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق  کورونا کے  مزید 100 سے زائد مریض دم توڑ گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک اس وائرس سے 5 ہزار 170 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، پنجاب میں ایک ہزار 985، سندھ میں ایک ہزار 713، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 74، بلوچستان میں 126، اسلام آباد میں 147، آزاد کشمیر میں 42 اور گلگت بلتستان میں 36 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔