مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کو عہدے سے فارغ کردیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 جولائی 2020
اجمل وزیرکو رواں برس شوکت یوسف زئی کی جگہ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا تھا فوٹو: فائل

اجمل وزیرکو رواں برس شوکت یوسف زئی کی جگہ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا تھا فوٹو: فائل

 پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق اجمل وزیر کو مشیر اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ محکمہ اطلاعات کی وزرات کامران بنگش کے حوالے کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے کامران بنگش نے کہا ہے کہ ایک آڈیو ٹیپ کے لیک ہونے کے بعد اجمل وزیر کو ہٹایا گیا،اشتہاری ایجنسی سے کمیشن لینے کی کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں، اس حوالے سے فرانزک تحقیقات کریں گے، وزیراعظم عمران خان کو بھی معاملے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے، تحقیقات کی حتمی رپورٹ آنے کا انتظار کیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اجمل وزیر کے آڈیو ٹیپ سے متعلق چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں آڈیوٹیپ کے حوالے سے حقائق کی انکوائری کا کہا گیا ہے۔ مراسلے میں اس معاملے پر فوری طور پر کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اجمل وزیر کو رواں برس ہی شوکت یوسف زئی کی جگہ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔