جس وزیر کے خلاف کوئی ثبوت ہوا توسخت ایکشن ہوگا، وزیراطلاعات

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 جولائی 2020
حکومتی وزرا پرکڑی نظر رکھی جائے گی، وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

حکومتی وزرا پرکڑی نظر رکھی جائے گی، وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ حکومتی وزرا پرکڑی نظر رکھی جائے گی اور جس وزیرکے خلاف کوئی ثبوت ہوا توسخت ایکشن ہوگا۔

چیئر مین وزیراعظم معائنہ کمیشن احمد یارہراج کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی بڑی کوشش کررہے ہیں، اپوزیشن کو ملک کی نہیں اپنے مال ودولت کی فکر ہے، اپوزیشن تب اکٹھی ہوتی ہے جب ان کو پتا چلے پکڑے جانے والے ہیں، انہیں ڈر ہے حکومت کامیاب ہوگئی تو یہ سب جیل میں ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کا اکٹھا ہونے کا مقصد عمران خان پردباؤ ڈالنا ہے، لیکن وزیراعظم  کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، عمران خان کا دوسرے سیاست دانوں سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم کا کوئی کاروبارنہیں نہ ان کا خاندان سیاست میں ملوث ہے، ہم پاکستان اور یہ کرپشن کی نمائندگی کر رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اورکرپشن اکٹھے نہیں چل سکتے، تحریک انصاف کی حکومت کسی کرپٹ شخص کو نہیں چھوڑے گی، اپوزیشن پارٹی قصہ پارینا بن چکی ہے، اپوزیشن کا دوبارہ آنے کا کوئی امکان نہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اجمل وزیر کو ہٹا دیا ہے، ہم ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جس میں یہ ساری بیماریاں ہیں، وزیراعظم نے ایک ایک بندے پرنظررکھی ہوئی ہے، وزیراعظم کی جانب سے کسی کو چھوٹ نہیں ملے گی، حکومتی وزرا پرکڑی نظر رکھی جائے گی اور جس وزیرکے خلاف کوئی ثبوت ہوا توسخت ایکشن ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔